فیصل آباد: ایم ایس ایم کا حقوق طلبہ مارچ

مورخہ: 20 مئی 2017ء

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ فیصل آباد کے زیراہتمام تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کے 5 فیصد تک لانے کیلئے حقوق طلبہ مارچ کے عنوان سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی ضلع کونسل چوک سے شروع ہوکر کچہری چوک سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے پہنچی، ریلی میں طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف، رانا رب نواز انجم، زین العابدین، آصف عزیز، عامر حسین، شاہد سلیم، ناصر وارثی، عبدالقاوس، ضیا غوری کے علاوہ مختلف جماعتوں کے طلبہ ونگز کے قائدین نے کی۔

مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، یو این او کے چارٹر کے مطابق ہر ملک تعلیم پر جی ڈی پی کا کم از کم 4.4 فیصد خرچ کرنے کا پابند ہے لیکن آج بھی پاکستان میں تعلیمی بجٹ 3 فیصد سے آگے نہیں بڑھ سکا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم حکومت کی پہلی ترجیح نہیں ہے اور اس کی ساری توجہ موٹرویز اور سڑکوں کے منصوبوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومیں سڑکوں اور پلوں سے نہیں تعلیم سے بنتی اور آگے بڑھتی ہیں۔ تعلیم کی بہتری کے بغیر ملک و قوم کی ترقی نا ممکن ہے۔ عرفان یوسف نے کہا کہ حکمرانوں کی عدم توجہی کے باعث تعلیمی اداروں میں انتہا پسندانہ سرگرمیاں فروغ پارہی ہیں اور تعلیمی معیار مسلسل گر رہا ہے، آئے روز یونیورسٹیز کے اندر تصادم کے واقعات کی وجہ سے تعلیمی نقصان اور ملک کی بدنامی ہو رہی ہے، مردان یونیورسٹی کا واقعہ آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیلئے سوشل میڈیا پر بھی زور و شور سے مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے اینکرز پرسن، کالم نویسوں اور سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد سے اپیل کی کہ وہ اس قومی کاز میں طلبہ کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان کو تعلیم یافتہ شہریوں کا ملک بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویژن تعلیم، تربیت، تحقیق اور امن ہے۔ ایم ایس ایم اپنے قائد کے ویژن کی روشنی میں تعلیم کو عام کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top