جسٹس باقر نجفی رپورٹ پبلک کی جائے، کارکنوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین
انصاف کیلئے سڑکوں پر آئے تو پھر قاتلوں اور لٹیروں کو سر چھپانے کیلئے جگہ نہ ملے گی
عوامی تحریک نے کرپٹ نظام اور قاتل حکمرانوں کو مسترد کر کے حقیقی تبدیلی کی راہ دکھائی ہے
حکمران جتنی مرضی کوشش کر لیں وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو پس منظر میں نہیں لے جا سکیں گے: ورکرز کنونشن سے خطاب
منہاج القرآن لاہور کے ورکرز کنونشن سے رفیق نجم، حافظ غلام فرید، چودھری افضل گجر، اشتیاق حنیف مغل ودیگر نے بھی خطاب
لاہور (22 مئی 2017) چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا ہے کہ حکومت سے بار بار کہہ رہے ہیں جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کو پبلک کر دیں۔ کارکنوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے، انصاف کیلئے سڑکوں پر آئے تو پھر قاتلوں اور لٹیروں کو سر چھپانے کیلئے جگہ نہ ملے گی۔ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کرنیوالے جج کو بھی ٹرانسفر کر دیا گیا۔ حکمران 14 بے گناہوں کو قتل کرنے کے جرم کی سزا اسی دنیا میں بھگتیں گے۔ ماڈل ٹاؤن میں جن کے حکم پر گولیاں چلائی گئیں اور جنہوں نے گولیاں چلا کربے گناہ انسانوں کو شہید کیا انکو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حکمران سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منصوبہ ساز ہیں۔ قانون اور عوام کے ہاتھ جلد قاتلوں کے گریبانوں تک پہنچیں گے۔ ہم انصاف لے کر رہیں گے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن لاہور کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
ورکرز کنونشن سے نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن رفیق نجم، امیر لاہور حافظ غلام فرید، چودھری افضل گجر، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، ثناء اللہ خان، رمضان ایوبی، احسن اویس نے بھی خطاب کیا جبکہ سنیئر رہنما حنیف قادری، حاجی فرخ، عمر اعوان، یونس نوشاہی، رانا احسن، آمنہ بتول، سمرین یاسین و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ کنونشن میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیئرمین سپریم کونسل ورکرز کنونشن میں آئے تو رہنماؤں و کارکنان نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر انکا استقبال کیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور فلک شگاف نعرے لگا کر انہیں خوش آمدید کہا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ حکمران جتنی مرضی کوشش کر لیں وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو پس منظر میں نہیں لے جا سکیں گے۔ قانون اور عوام کے ہاتھ قاتلوں کے گریبانوں تک پہنچیں گے۔ منہاج القرآن اور عوامی تحریک لاہور کے کارکنان مزید متحرک ہو جائیں۔ عوام سے رابطہ مہم تیز کر دیں، ضلعی سطح سے لے کر یونین کونسل تک تنظیم سازی مضبوط کریں۔ عوام کو منہاج القرآن میں شمولیت کی دعوت دیں۔ لاہور کے پڑھے لکھے عوام کو وی آئی پی کلچر سے پاک سیاسی جماعت عوامی تحریک میں شمولیت کی دعوت بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن اور عوامی تحریک کا پلیٹ فارم ہر شہری کو باوقار طریقے سے اپنا قومی و سیاسی کردار ادا کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ منہاج القرآن کے کارکنان اور قائدین نے قربانیاں دینے کی روایت ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان اس وقت دنیا کے کرپٹ ترین ممالک کی صف میں کھڑا نظر آتا ہے۔ اندھیروں اور مہنگائی کا اتنا راج ہو گیا ہے کہ لوگوں کے پاس نہ بجلی ہے نہ پانی اور نہ روزگار۔ انتہا پسندی اور دہشتگردی نے قوم کی نیندیں اڑا رکھی ہیں۔ قرضوں کی معیشت دم توڑتی جا رہی ہے اور معیشت کو سہارا دینے کیلئے نئے قرضے لئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ حقیقی رہنمائی کا فریضہ انجام دیا ہے۔ کرپٹ نظام اور قاتل حکمرانوں کو مسترد کر کے حقیقی تبدیلی اور خوشحالی کی راہ دکھائی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ایسی راہ دکھائی ہے جس کے دوسرے کنارے پر امید اور روشنی ہے، تبدیلی صرف جرات مند قیادت ہی لا سکتی ہے۔ با شعور طبقات اور خصوصاً نوجوان مصطفوی انقلاب کیلئے عملی کردار ادا کریں۔
تبصرہ