امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو رمضان المبارک کی بابر کت ساعتیں مبارک، ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 27 مئی 2017ء

اسلام لوگوں کی مدد کرنے اور مواخات کے عظیم رویوں کو اپنانے کا درس دیتا ہے
ہر کلمہ گو مسلمان رمضان المبارک کا ایمانی جوش و خروش کے ساتھ استقبال کرے: سربراہ عوامی تحریک

Ramazan a great opportunity for spiritual transformation: Dr Tahir-ul-Qadri message

لاہور (27 مئی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے رمضان المبارک کی آمد پر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک خود احتسابی کا درس دیتا ہے۔ صفائے قلب کیلئے روزہ بہترین ذریعہ بن سکتا ہے بشرطیکہ اس کے تقاضے پورے کرنے پر محنت کی جائے۔ معاشرے کے پسے اور مفلوک الحال طبقات کو زندگی کی مشکلات سے نجات دلانے کی کوشش کرنا بھی رمضان المبارک کے مقاصد میں سے اہم ترین ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام لوگوں کی مدد کرنے اور مواخات کے عظیم رویوں کو اپنانے کا درس دیتا ہے۔ معاشرے سے غربت، افلاس، بھوک، انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کا عزم اور اپنی بہترین کوشش کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ اسلام، ایمان اور احسان کا فلسفہ سمجھنے اور عمل کرنے کیلئے رمضان المبارک انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اسلامیان پاکستان کو رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں کے آ غاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا مہمان مہینہ امت مسلمہ سے صبر و استقامت، ایثار اور تقویٰ کا متقاضی ہے۔ ہر کلمہ گو مسلمان رمضان المبارک کا ایمانی جوش و خروش کے ساتھ استقبال کرے۔ اللہ کو راضی کرنے اور مغفرت کی ان انمول گھڑیوں سے امت محمدیہ زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ رمضان المبارک اسلامی بھائی چارے کے فروغ اور اسلامی ثقافت کے پرچار کا عظیم مہینہ ہے۔ یہی ماہ مقدس ہے جو امت مسلمہ کو اتحاد اور یکجہتی کی ایک لڑی میں پرو دیتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top