منہاج القرآن کے زیراہتمام رمضان المبارک میں پنجاب کے 21 شہروں میں دروس قرآن کا آغاز

مورخہ: 28 مئی 2017ء

اللہ کی خوشنودی اور دین اسلام کی سربلندی رجوع الی القرآن میں ہے، رانا محمد ادریس
سکالرز دین مبین کی دعوت کے کام کو انتہائی حکمت و بصیرت سے آگے بڑھائیں
تحریک منہاج القرآن قرآن و سنت کے فروغ کی عالمی علمی و تحقیقی تحریک ہے، نائب ناظم اعلیٰ

لاہور (28 مئی 2017) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام رمضان المبارک میں پنجاب کے 21 بڑے شہروں میں دروس قرآن کا آغاز کر دیا گیا۔ لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، چنیوٹ، گوجرانوالا، شکر گڑھ، مرید کے، لیہ، ڈیرہ غازی خان، گجرات، راولپنڈی و دیگر شہروں میں تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت اور منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز مختلف دینی وتحقیقی موضوعات پر درس قرآن دیں گے۔ نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن کے سکالرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی خوشنودی اور دین اسلام کی سر بلندی رجوع الی القرآن میں ہے۔ تحریک منہاج القرآن قرآن و سنت کی علمی و تحقیقی تحریک ہے۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز معاشرے میں پائی جانیوالی مادیت کے خلاف دروس قرآن کے سلسلے کو جاری رکھ کر اپنا تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن دینی اور احیائی تحریک ہے اس لئے منہاج القرآن کے سکالرز پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرے کے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں پائے جانیوالے جزوی و کلی بگاڑ کی درستگی کیلئے اپنا کردار ادا کریں، اس کیلئے ضروری ہے کہ علماء خود کردار اور تقویٰ کا پیکر بنیں، ریسرچ کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے دینی اور دنیاوی علوم میں مہارت حاصل کریں۔ اس موقع پرعلامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ فیاض بشیر، علامہ محمد اقبال اکبر، علامہ ثناء ربانی، علامہ لطیف مدنی، علامہ صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی، علامہ عبد الواحد یمنی، علامہ غضنفر حسین تونسوی ودیگر علماء موجود تھے۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ علم کے حصول کا کلچر پیدا کرنے کیلئے جان توڑ یا با مقصد محنت کو عادت بنا کر ہی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم نافع کا حصول تب ہی ممکن ہے جب مادیت کے حملے سے خود کو محفوظ کرنے کیلئے ریاضت و مجاہدہ کا خوگر بنا جائے۔ تحریک منہاج القرآن کے سکالرز دین مبین کی دعوت کے کام کو انتہائی حکمت و بصیرت سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ اسلام کا پیغام امن، سلامتی و محبت عام ہو رہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top