اسلام پر حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا ایثار ’’ضرب المثل‘‘ بن چکا ہے: فرح ناز
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے آزمائش کی ہر گھڑی میں حضور اکرم ﷺ کا ساتھ دیا
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا تاریخ اسلام میں ایک منفرد شان اور مقام رکھتی ہیں، یوم وصال پر تقریب سے خطاب
لاہور (6 جون 2017) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ فرح ناز نے کہا ہے کہ ام المومنین حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا حضور ﷺ کی پہلی زوجہ محترمہ تھیں اور آپ رضی اللہ عنہا کو امت مسلمہ کی پہلی ام المومنین بننے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے تمام مسلمانوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کیا۔ حضرت خدیجہ نے اہل اسلام کی مالی اور اخلاقی طور پر بے پناہ مدد کی۔ آپ رضی اللہ عنہا نے اپنی تمام دولت اشاعت اسلام کیلئے وقف کر دی۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے زندگی کے 25 سال حضور انور ﷺ کے ساتھ بہترین زوجہ کی حیثیت سے بسر کئے۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے آزمائش کی ہر گھڑی میں صبر و استقامت کے ساتھ حضور اکرم ﷺ کا ساتھ دیا۔ رسول اکرم ﷺ کی خدمت حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا شعار رہا۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ام المومنین حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے یوم وصال کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر افنان بابر، عائشہ مبشر، زینب ارشد، کلثوم جاوید، ام حبیبہ، شاہدہ مغل و دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔
فرح ناز نے کہا کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا تاریخ اسلام میں ایک منفرد شان اور مقام رکھتی ہیں۔ اسلام پر آپ کا ایثار ’’ ضرب المثل‘‘ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہ مرسل اعظم ﷺ کی شریکہ حیات بننے سے پہلے دور جاہلیت میں بھی طاہرہ اور سیدہ قریش کے لقب سے جانی جاتی تھیں۔ دستورات اسلام کی نشر و اشاعت میں حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا رسول کریم ﷺ کا دست و بازو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 رمضان المبارک کوحضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا وصال ہوا۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے حضور اکرم ﷺ کی محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ محسن انسانیت ﷺ نے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی وفات کے سال کو ’’ عام الحزن‘‘ غم کا سال فرما دیا۔
تبصرہ