لیہ : دروس عرفان القرآن کی دوسری نشست

مورخہ: 08 جون 2017ء

تحریک منہاج القرآن لیہ کے زیراہتمام سالانہ پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے، پروگرام روزانہ نماز فجر کے فوراً بعد شروع ہوتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن لیہ کے زیراہتمام 8 جون 2017 کو دروس عرفان القرآن کی دوسری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں پروفیسر محمد فیاض بشیرقادری نے درس قرآن دیا۔

پروگرام میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن لیہ کے مقامی عہدیداران سید سجاد شاہ گیلانی، چودھری قمر عباس دھول، شبیر بھٹی، حسنین رضا، ساجد عباس مٹوا، مہر مختیار احمد، طالب سہارن، شیخ طاہر سلمان، اسد شاہ، محمد زبیر، وقار احمد۔ منان حمید، زاہد منظور، نواز قادری ، عابد حسین، عمران مدنی،عمران خان میرانی اور دیگر کارکنان نے بھی بھرپور شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔

پروفیسر محمد فیاض بشیرقادری نے دروس عرفان القرآن کی دوسری نشست میں ’’رمضان اور درس مواخات‘‘ کے عنوان پر خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا سارا پیغام درس اخوت ہے۔ اسلام گرتی ہوئی دیواروں کو سہارا دینے کا حکم دیتا ہے۔ معاشرے میں پھیلے ہوئے غلط تصورات کی تصحیح منشاءِ رمضان ہے۔ اسلام جوڑنے کا نام ہے توڑنے کا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمارے منہ کا قبلہ ایک ہے تو ہمارے دلوں کا قبلہ ایک کیوں نہیں؟ مسلمان تو ہوتا ہی وہ ہے جو اپنی مرضی کو رب کی مرضی کے تابع کرے، خدا نے ہاتھ دوسروں کا دست و بازو بننے کے لیے دیئے ہیں نہ کہ دوسروں پر ظلم کرنے کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ’’ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے، نہ وہ اس پر ظلم کرتا ہے اور نہ اسے بے یار و مددگار چھوڑتا ہے۔ جو شخص اپنے کسی (مسلمان) بھائی کی حاجت روائی کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی حاجت روائی فرماتا ہے۔ اور جو شخص کسی مسلمان کی (دنیوی) مشکل حل کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی قیامت کی مشکلات میں سے کوئی مشکل حل فرمائے گا اور جو شخص کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرتا ہے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی کرے گا۔‘‘

تحریک منہاج القرآن کے شعبہ نشر اشاعت نے اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب اور خطابات کی سی ڈیز/ ڈی وی ڈیز کا سٹال لگایا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔ پروگرام کو کامیاب کرنے کیلے تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ، MSM اور منہاج القرآن ویمن لیگ نے بھرپور محنت کی۔

پروگرام کے آخر پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top