امت مسلمہ کو اتحاد، پاکستان کو ناانصافی سے نجات کی ضرورت ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 18 جون 2017ء

نااہلی، اقتدار اور پیسے کی ہوس معاشرتی اقدار کو گھن کی طرح چاٹ گئی
نوجوان عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت اور اخلاق کو بہتر بنائیں
سربراہ عوامی تحریک کا شہر اعتکاف میں اخلاق حسنہ کے موضوع پر فکر انگیز خطاب، ہزاروں کی شرکت

لاہور (18 جون 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ٹاؤن شپ شہر اعتکاف میں ہزاروں شرکائے اعتکاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو اتحاد اور پاکستان کو ناانصافی سے نجات کی ضرورت ہے۔ نااہلی، اقتدار اور پیسے کی ہوس معاشرتی اقدار کو گھن کی طرح چاٹ گئی۔ نوجوان عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت اور اپنے اخلاق کو سنوارنے پر توجہ دیں۔ نوجوان پاکستان کا تابناک مستقبل ہیں، شہراعتکاف میں ملک بھر اور بیرونی دنیا سے سے آئے ہوئے ہزاروں افراد شریک تھے۔ سربراہ عوامی تحریک نے اخلاق حسنہ کے موضوع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، امیر تحریک فیض الرحمن درانی، خرم نواز گنڈاپور، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، حماد المصطفیٰ، رانا محمد ادریس و دیگر رہنماسٹیج پر موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی نبوت کے منصب پر فائز ہونے سے قبل کی شہرت ایک صادق، امین، سچے اور دیانت دار کی تھی، کفار بھی بے دھڑک اپنے مال و اسباب کو بطور امانت آپﷺ کے پاس رکھواتے تھے، مکہ کے امراء، غربا دل و جان سے سمجھتے تھے آپ سچے ہیں۔ کسی بھی قوم کے لیڈر کیلئے اس کا امین اور سچا ہونا بنیادی تقاضا ہے، جو لیڈر امین اور صادق نہیں وہ قیادت کا اہل نہیں۔ ہمیں اپنی ذاتی زندگیوں میں حضور نبی اکرم ﷺ کے ان اوصاف حمیدہ کو لاگو کرنے کی ضرورت ہے اور اگر قیادت ان اوصاف پر پورا نہیں اترتی تو اس کا محاسبہ بھی ضروری ہے۔ جھوٹی اور دروغ گو قیادت نے بہت بربادی کر دی۔

شہر اعتکاف میں ہزاروں شرکاء کے کھانے پینے اور سکیورٹی کے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شرکاء کی تعلیم و تربیت کیلئے مختلف حلقہ جات قائم کیے گئے ہیں جہاں دن بھر منہاج القرآن کے سکالرز، لیکچرز کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں۔ امسال شہر اعتکاف میں شریک افراد کیلئے قرآن پاک کو قواعد کی رو سے پڑھانے اور سکھانے کے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top