اخلاق حسنہ اور ادب کیلئے نیک لوگوں کی صحبت اختیار کی جائے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 20 جون 2017ء

اللہ کو نرمی سے بات کرنے والے پسند ہیں، زیادتی کو معاف کرنا مالی مدد سے بہتر ہے
پی ٹی آئی کے رہنما صمصام بخاری کا شہر اعتکاف کا دورہ، سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات

لاہور (20 جون 2017) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہر اعتکاف میں ہزاروں متعکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو قوت گویائی دے کر فضیلت دی گئی، اللہ کو نرمی سے بات کرنے والے بندے پسند ہیں، کسی کی زیادتی کو معاف کر دینا مالی مدد سے بہتر ہے، محبت کے میٹھے بول صدقہ ہیں مگر ظلم، سفاکیت، فرعونیت اور یزیدیت کو پوری طاقت سے للکارنا ضروری ہے۔

شہر اعتکاف میں ہزاروں متعکفین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں بات کرنے کا ادب سکھایا، اللہ نے فرمایا میرے بندے احسن طریقے سے بات کرتے اور نرمی سے پیش آتے ہیں، اخلاق حسنہ اور ادب کیلئے نیک لوگوں کی صحبت اختیارکی جائے، انہوں نے کہا کہ ہمارے باہمی معاملات اور لین دین بگاڑ کا شکار ہیں، اس کا نقصان کوئی اور نہیں ہم خود بھگت رہے ہیں، بلاجواز جھوٹ بولنا، تہمت لگانا اور غیبت کرنا عیب نہیں سمجھا جاتا جبکہ یہ برائیاں ایمان اور نیکیوں کو نگل جاتی ہیں، عاقبت کی خرابی تو ہے ہی اس سے دنیا بھی برباد ہوتی ہے، اللہ کی ایک صفت ستارالعیوب ہے اور عیبوں پر پردے ڈالنے والے بندے اللہ کو پسند ہیں، جو لوگوں کے عیبوں پر پردہ ڈالے اللہ کا اس سے وعدہ ہے کہ وہ قیامت کے دن اس کے عیبوں کو چھپائے گا، کسی کی پیٹھ پیچھے اس کی برائی بیان کرنا خواہ وہ نقائص اس میں کیوں نہ ہوں غیبت ہے اور غیبت مرے ہوئے بھائی کا گوشت کھانے جیسا عمل ہے۔

انہوں نے ہزاروں شرکاء سے کہا کہ میری آپ سے نصیحت ہے کہ اپنے قول و فعل لین دین اور معاملات میں سچائی سے کام لو اس سے دنیاوی عزت، رزق میں برکت اور قیامت کے دن انعامات اور اللہ کی خوشنودی ہے، امت مسلمہ کا ہر فرد بالخصوص اہل پاکستان اپنے باطنی احوال اور ظاہری لین دین کو درست کریں۔

دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما صمصام بخاری نے شہر اعتکاف کا دورہ کیا اور سربراہ پاکستان عوامی تحریک کے ہمراہ روزہ افطار کیا، اس موقع پر صمصام بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات سنہری حروف سے لکھی جائینگی، ڈاکٹر طاہرالقادری آئندہ نسلوں کی تربیت کررہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان اور عالم اسلام کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان اپنے والدین کی بات نہیں سنتا مگر شہر اعتکاف میں 50 فیصد سے زائد نوجوان اعتکاف کی سعادت حاصل کررہے ہیں یہ قابل فخر بات ہے۔ نوجوانوں کو نیکی کے راستے پر گامزن کرنا اس دور کی سب سے بڑی نیکی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top