ظالم کے آگے کھڑا ہونا، مظلوم کی مدد کرنا اخلاق کا حصہ ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 21 جون 2017ء

اللہ فرماتا ہے میرے بندوں پر سختی کرنے والوں کو میرے سامنے گڑگڑانے کا کوئی فائدہ نہیں
قومی کرکٹ ہیرو عبدالقادر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید چودھری کا شہر اعتکاف کا دورہ

لاہور (21 جون 2017) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ظالم کے آگے کھڑا ہونا مظلوم کی مدد کرنا اخلاقیات کا حصہ ہے، اللہ فرماتا ہے میرے بندوں پر سختی کرنے والوں کو میرے سامنے گڑگڑانے کا کوئی فائدہ نہیں، اللہ نے اس شخص پر دوزخ حرام کر دی جس کے قریب لوگ اس کے حسن خلق کی وجہ سے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کا اخلاق بلند تر تھا، وہ کوڑا پھینکنے اور اذیتیں دینے والوں کی بھی خیریت دریافت کرتے تھے، وہ شہر اعتکاف میں ہزاروں متعکفین کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

گزشتہ روز قومی کرکٹ ہیرو عبدالقادر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید چودھری نے شہر اعتکاف کا دورہ کیا اور سربراہ عوامی تحریک کے ہمراہ روزہ افطار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر نے کہا کہ اخلاق حسنہ کے جس موضوع پر ڈاکٹر طاہرالقادری قرآن و سنت کی روشنی میں خطابات کررہے ہیں اسی تربیت اور تعلیم کی اسلامیان پاکستان کو ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ اسلام حسن خلق، نرم گفتاری، سچائی بیان کرنے سے پھیلا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نوجوانوں کی اخلاقی تربیت پر توجہ دے رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید چودھری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں، ان کی فکر سے بہت متاثر تھیں، ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلام کی جو تشریح کی وہ قرآن و سنت کے عین مطابق اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ہے، اس تشریح کو ہم فخر کے ساتھ دیگر مذاہب اور معاشروں کے سامنے پیش کر سکتے ہیں، بطور مذہبی سکالر ڈاکٹر طاہرالقادری ایک اتھارٹی ہیں اور ہم ان کے خطابات اور بیانات سے سیکھتے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ بداخلاق حکمرانوں کے باعث اسلامیان پاکستان ایک کرب میں مبتلا ہیں لوگوں کو خالص ادویات، دودھ، پھل، سبزیوں سے محروم رکھنا مہنگائی، بیروزگاری کے عذاب سے دو چار کرنا بیڈگورننس کے ساتھ ساتھ بداخلاقی بھی ہے، انسانیت کے درد سے عاری نظام نے غریب پر عرصہ حیات تنگ کر دیا، شہر اعتکاف میں اندرون و بیرون ملک سے آئے ہوئے ہزاروں افراد شریک ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top