ادب مصطفی ﷺ میں دین و دنیا کی کامیابی ہے : ڈاکٹر حسن محی الدین

مورخہ: 23 جون 2017ء

رمضان المبارک صرب، ایثار اور اطاعت کا درس دیتا ہے، جمعۃ الودع کے اجتماع سے خطاب
سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے بھی نماز جمعہ شہر اعتکاف ٹاؤن شپ میں ادا کی

لاہور (23 جون 2017) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے شہر اعتکاف میں جمعۃ الودع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعۃ الودع بلند شان کا حامل دن ہے۔ وہ مسلمان خوش قسمت ہیں جو اپنی زندگیوں میں رمضان المبارک کی مقدس گھڑیاں پاتے اور انہیں نجات اور بخشش کا ذریعہ بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے حضور نبی اکرم ﷺ کو سراپا رحمت بنا کر بھیجا، حضور نبی اکرم ﷺ نے انسانوں یہاں تک کہ حیوانوں کے حقوق کا خیال رکھااور سختی اور تشدد جیسی غیر انسانی عادات و اطوار سے روکا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونا ایمان کا ناگزیر تقاضا ہے۔ اطاعت اور ادب مصطفی ﷺ میں دین دنیا کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، ایثار اور اطاعت کا درس دیتا ہے، حقوق و فرائض کی بجا آوری کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوم و صلوٰۃ کی جس پابندی کا خیال رمضان المبارک میں رکھا جاتا ہے، یہی پابندی اور ادب و احترام کا اہتمام سالہا سال کیا جائے تو ہماری زندگیوں میں انقلاب برپا ہو جائے۔ جب ہم اللہ اور اسکے رسول ﷺ راستے پر چلنا شروع ہو جائیں گے تو سوسائٹی میں امن، سکون بھی آئے گا اور خوشحالی بھی۔ نماز جمعہ کے اجتماع میں اندرون بیرون ملک سے آئے ہوئے ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ معتکف خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی ویڈیو لنک پر چیئرمین سپریم کونسل کا خطاب سنا۔

سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے بھی نماز جمعہ شہر اعتکاف ٹاؤن شپ میں ادا کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ اللہ کیلئے معتکف ہونیوالے خصوصی طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی مصروف ترین اور مشکلات سے بری ہوئی زندگی میں سے اللہ اور اسکے دین کیلئے وقت نکالا اور نبی اکرم ﷺ کی سنت پر عمل کیا۔ انہوں نے اس موقع پر خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت کرے اور پاکستان کو اہل اور ایماندار قیادت نصیب فرمائے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلام کا قلعہ بنائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top