جنہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ثبوت نظر نہ آئے انہیں پاناما کے بھی نظر نہیں آئینگے: ڈاکٹر طاہرالقادری

’’اشرافیہ‘‘ کے ساتھ حواریوں کی محبت وہی ہے جو قربانی کے بکرے سے مسلم گھرانے کی ہوتی ہے
جن کا کوئی ہمسایہ ہے نہ محلہ ان کیلئے کوئی گوالمنڈی سے بھی نہیں نکلے گا، ایئرپورٹ پر کارکنوں سے گفتگو
قطری خط آنے کے بعد پاناما کیس ختم ہو گیا تھا، اب احتساب نہیں انتخاب کا ایجنڈا چل رہا ہے
کرپشن اور ظلم کی دیوار کو آخری دھکا عوامی تحریک کے کارکن دینگے، سربراہ عوامی تحریک
روانگی سے قبل عالمی معیار کی لائبریری اور فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیویٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا

لاہور (یکم جولائی2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جنہیں ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت کے ثبوت نظر نہیں آئے انہیں پانامہ کی لوٹ مار کے بھی نظر نہیں آئیں گے۔ ’’اشرافیہ‘‘ کے ساتھ ان کے حواریوں کی عقیدت اور محبت وہی ہے جو عیدالاضحیٰ پر قربان ہونے والے بکرے کے ساتھ ایک مسلم گھرانے کی ہوتی ہے۔ 99 ء میں دو تہائی اکثریت والے مقبول لیڈروں کیلئے کوئی گوالمنڈی سے بھی نہیں نکلا تھا، اب تو ان کا کوئی ہمسایہ ہے نہ محلہ، دفاع کرنے والے وزراء بڑی اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ کرپشن کنگز کی وکالت کر رہے ہیں مگر جب ذاتی مفاد قومی مفاد سے مقدم ہو جائے تو پھر اس قسم کے شرمناک مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ پاناما کیس اسی دن ختم ہو گیا تھا جس دن منی ٹریل کے طور پر قطری خط پیش کیا گیا تھا۔ اب جو کچھ ہورہا ہے وہ احتساب نہیں انتخاب کا ایجنڈا ہے۔ ملک میں تماشا ہو رہا ہے اور پارا چنار سے لے کر احمد پور شرقیہ تک بے گناہ انسانی جانیں سفاک حکمرانوں کی نااہلی پر نوحہ کناں ہیں۔ کرپشن اور ظلم کی دیوار کو آخری دھکا عوامی تحریک کے کارکن دینگے۔ وہ لاہور ایئرپورٹ پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے۔

سربراہ عوامی تحریک گزشتہ روز قطر ایئرویز کی پرواز QR629 پر شیڈول کے مطابق لاہور سے براستہ دوحہ لندن کیلئے روانہ ہوئے۔ سربراہ عوامی تحریک لندن میں کچھ دن قیام کرینگے اس کے بعد طے شدہ پروگرام کے مطابق مختلف کانفرنسز میں شرکت کیلئے مصر اور پھر ناروے کا دورہ کرینگے اور پھر وطن واپس پہنچیں گے۔

سربراہ عوامی تحریک نے گزشتہ روز روانگی سے قبل تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام کام کرنے والے فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی نئی عمارت اور ایک بہت بڑی لائبریری کا افتتاح کیا اور ریسرچ سیل میں کام کرنے والے سکالرز سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ تحریک منہاج القرآن کا برین اور تھنک ٹینک ہے یہ وہ تحقیقی ادارہ ہے جہاں سے علم، امن اور محبت کا پیغام دنیا کے کونے کونے تک پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے لائبریری کے مختلف گوشوں کا معائنہ کیا اور منتظمین کو ہدایت کی کہ ریسرچ سیل سے منسلک اس لائبریری کو ایک ریفرنس کے طور پر آرگنائز کیا جائے اور اس لائبریری کو دنیا بھر میں شائع ہونے والی تحقیقی کتب اور علمی اثاثوں سے مزین کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن آئندہ نسلوں کی تعلیم اور تربیت کا گہوارہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top