راولپنڈی: محفل میلاد مصطفیٰ (ص) کانفرنس (ڈھوں)

تحریر: ایم ایس پاکستانی

تحریک منہاج القرآن ڈھوں (تحصیل گوجرخان ضلع راولپنڈی) کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس گذشتہ دنوں مدنی جامع مسجد ڈھوں میں منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام خصوصی طور پر چوہدری پیراندتہ کی شادی کی تقریب سعید کا حصہ تھا۔ چوہدری پیراندتہ نے اپنی شادی کی خوشی میں تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اس کانفرنس کے انعقاد میں چوہدری جمشید خان اور چوہدری اسد خان (کوریا) کا خصوصی تعاون ہے۔ یہ کانفرنس زیرصدارت سید انوار الحق شاہ (آستانہ عالیہ سوہاوہ شریف)، زیرنگرانی امداد حسین گجر اور چوہدری محمد طاہر خان (ناظم تحریک منہاج القرآن یونین کونسل سید) منعقد ہوئی جبکہ منہاج یونیورسٹی کے فاضل سکالر علامہ غلام ربانی تیمور مہمان خصوصی تھے۔ ان کے ساتھ تحریک منہاج القرآن مرکز لاہور سے نعت خواں شکیل احمد طاہر اور صابر حسین موجود تھے۔ دیگر مہمانوں میں راجہ تسلیم، راجہ خیام عباس، سید ندیم کاظمی، سید مدثر شاہ، حافظ محمد رفیق، بابا غلام اکبر، محمد ظہیر رئیاں، ماسٹر جاوید بھلیسر، طارق محمود اعوان، ثاقب جمیل، محمود الحق قریشی، حافظ محمد عرفان ڈھونگ، ماسٹر عاشق چیچی نور، رانا طارق کسراں شامل تھے۔

کانفرنس کا آغاز حافظ غلام ربانی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ مقامی نعت خوان محمد سلیم قادری، آفتاب ربانی، ادریس ربانی، منہاج نعت کونسل ڈھوں اور مراد حسین کے علاوہ شکیل احمد طاہر نے خصوصی نعت پڑھی۔ اس کانفرنس کے کمپیئر قاری منیر حسین قادری اور گلزار حسین تھے۔

علامہ غلام ربانی تیمور نے میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر آپ نے کہا کہ میلاد منانا اللہ تعالیٰ کی سنت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی کو خود منایا ہے۔ اس خوشی میں شرکت کے لئے اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو بھی حکم دیا ہے۔ آپ نے مزید کہا کہ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کو ملک میں ثقافتی رسم کی طرح پھیلانا ہو گا۔ خوشیوں کے موقع پر محافل میلاد منعقد کر کے ہمیں اس کا اظہار کرنا چاہئے۔ تحریک منہاج القرآن نے عالمی میلاد کانفرنس منعقد کر کے دنیا کو اس خوشی منانے کا عملی شعور دیا ہے۔ اس پروگرام کا اختتام گلہائے درود و سلام بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top