گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی کا روحانی اجتماع

مورخہ: 05 اگست 2017ء

تحریک منہاج القرآن کے عظیم عالمی مرکز روحانیت و محبت گوشہ درود کا ماہانہ روحانی اجتماع مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ماہ اگست کا پروگرام 5 اگست 2017ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا۔ روحانی اجتماع کی صدارت امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے کی، گوشہ درود کے خادم سید مشرف حسین شاہ، ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد اور دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ سلسلہ نعت خوانی میں گوشہ نشین طاہر معین، محمد رضا طاہر، کالج آف شریعہ سے عمر فاروق اور ایس ایم قریشی نے انتہائی خوبصورت انداز میں ثناء خوانی کی۔ مرد و خواتین شرکاء کی بڑی تعداد نے انتہائی عقیدت و احترام سے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس کو اٹینڈ کیا۔

مرکزی ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے شرکاء کو بتایا کہ الحمدللہ گوشہ درود کے پڑھے جانے والے درود پاک کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ماہ جولائی 2017ء میں گوشہ درود اور اس کے وضع کردہ نظام کے تحت پڑھے گئے درود پاک کی تعداد ایک ارب، سات کروڑ، گیارہ لاکھ اور پنتیس ہزار ہے۔ اب تک مجموعی طور پر ایک کھرب، اکسٹھ ارب اور 70 کروڑ مرتبہ درود پاک پڑھا جا چکا ہے۔ 2006ء سے اب تک گوشہ درود میں 6 ہزار 33 بار قرآن پاک تلاوت کیے جا چکے ہیں۔

پروگرام میں گوشہ درود کا ماہانہ وظائف کا ذکر کرایا گیا۔ جس کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اعتکاف میں کئے گئے خطاب کو بڑی سکرین پر دکھایا گیا۔ خطاب کے بعد امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے اختتامی دعا کرائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top