''سپریم کورٹ نے نواز شریف کو جوتے مار کر باہر نکالا'': ڈاکٹر طاہرالقادری لاہور پہنچ گئے

مورخہ: 08 اگست 2017ء

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری ناروے سے براستہ دوحہ قطر وطن واپس پہنچ گئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری صبح ساڑھے 8 بجے ایئرپورٹ پہنچے۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور منہاج القرآن سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی قیادت میں کارکنان کی بہت بڑی تعداد نے ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔

لاہور ایئرپورٹ کے باہر ڈاکٹر طاہرالقادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے استقبال کے لیے آنے والے کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میرا گھر اور میری سرزمین ہے، جہاں میرے شہداء کا خون گرا۔ انہوں نے کہا کہ ‎سانحہ ماڈل ٹاون میں تحریک قصاص کے لیے وطن واپس پہنچا ہوں اور ان شاء اللہ شہداء کے ورثا قصاص لے کر رہیں گے۔‎ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کا فیصلہ تاریخی ہے۔ جس سےاب ماڈل ٹاؤن کے شہداء اور ورثاء کو انصاف ملنے کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں۔‎ شہداء کے ورثاء سب غریب ہیں، یہ تاریخ کا پہلا واقعہ ہے، قارون کی دولت نے شہداء کے ورثاء کو خریدنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے جوتے کی نوک پر ٹھوکر مار دی۔‎ عوامی تحریک نے لوگوں کو سکھایا کہ جس ملک میں انصاف نہ ملنے کی توقع ہو تو تب بھی اپنا ضمیر اور غیرت نہ بیچو۔‎

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ 2013 اور 2014 کے دھرنوں میں آرٹیکل 62 اور 63 کا سبق پوری قوم کو پڑھایا، 4 سال بعد اسی ارٹیکل کے تحت سپریم کورٹ نے نواز شریف کو جوتے مار کر باہر نکالا۔ اب نواز شریف کو شرم کرنی چاہیے کہ وہ چور ثابت ہو چکے ہیں۔ ملک میں چور پکڑا گیا اور قاتل باقی رہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف میں بے حسی اور بے شرمی کی انتہاء ہے کہ للکارتے ہوئے وہ جی ٹی روڈ پر احتجاج کر رہے ہیں۔‎ نواز شریف میں جرات ہے تو بتائیں کہ جی ٹی روڈ پر کس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔‎ اسلام آباد سے راولپنڈی تک انکی حکومت ہے تو احتجاج کس کے خلاف ہو رہا ہے۔‎ حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف کا احتجاج پاکستان کی ریاست، سالمیت اور سپریم کورٹ کے خلاف ہے۔‎

انہوں نے کہا کہ یہ نواز شریف وہی شخص ہے، جس نے ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کر کے دو ٹکڑے کر دیئے تھے۔‎ نواز شریف کی جماعت جی ٹی روڈ کی جماعت ہے اور یہ جی ٹی روڈ پر ہی دفن ہوگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top