منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی انتقال کر گئے

مورخہ: 14 اگست 2017ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے، صاحبزادہ فیض الرحمن درانی تحریک منہاج القرآن کے بانیان میں شامل اور معروف علمی، مذہبی، سیاسی اور روحانی شخصیت تھے، آپ کا تعلق خیبرپختونخوا کے معروف روحانی سلسلے سے ہے، صاحبزادہ فیض الرحمن درانی مختلف اہم سرکاری عہدوں پر بھی فائز رہے اور آپ کو ایماندار، محب وطن اور اصول پرست شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کے وصال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن، ملک و قوم کیلئے صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کی دینی، علمی، سماجی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، مرحوم سچے عاشق رسولﷺ، نیک، صالح اور محب وطن انسان تھے، ان کی رحلت ان کے اہل خانہ، رفقا اور تحریک منہاج القرآن کیلئے عظیم صدمہ ہے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج یونیورسٹی میں مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی، نماز جنازہ میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، احمد نواز انجم، نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی، حافظ غلام فرید، رفیق نجم، حاجی فرخ، مظہر علوی، عرفان یوسف، جواد حامد، علامہ سید فرحت شاہ، علامہ میر آصف اکبر، عین الحق بغدادی، عبدالحفیظ چودھری، سہیل رضا، شہزاد رسول و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اور ان کی مغفرت و بلندی درجات کیلئے دعا کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین اور ڈاکٹر حسین محی الدین نے مرحوم کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم علم دوست، خدا ترس، پرہیز گاراور محب وطن انسان تھے، صاحبزادہ فیض الرحمن درانی انتہائی شفیق اور ملنسار انسان تھے، تحریک منہاج القرآن کیلئے ان کی خدمات اور کاوشوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائیگا، عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کو حضور نبی اکرم ﷺ کی شفاعت نصیب فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top