​اٹلی: منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی کے زیراہتمام یوم آزادی کی تقریب

مورخہ: 15 اگست 2017ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی(کارپی) کے زیراہتمام 14 اگست 2017 کو یوم آزادی پاکستان پورے جوش و خروش سے منایا گیا۔ یہ خصوصی پروگرام کارپی کی تاریخ میں پاکستانی کمیونٹی کا ایک منفرد اور خوبصورت اجتماع تھا۔ یہ ایک دعائیہ تقریب تھی، جسے مسجد کے ہال میں منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں افواج پاکستان کے شہداء اور شہدائے ماڈل ٹاون و انقلاب مارچ کی ارواح کے لیے ایصال ثواب اور استحکام پاکستان کے لئے دعائیں کرنا تھا۔ منہاج یوتھ کارپی کےنوجوانوں نے نئی نسل کے لیے یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مسجد کے تقدس کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہال کو قومی پرچم، رنگ برنگی لائٹس اور نہایت خوبصورتی سے سجایا تھا۔

پروگرام کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا، پہلے حصے میں قرآن خوانی، دوسرے میں نعت اور ملی نغمے اور آخری حصے میں کلمات تشکر، اور خصوصی دعا شامل تھی۔ پروگرام کے آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی قاری مشتاق نے حاصل کی۔ محفل نعت میں کارپی کے مشہور نعت خواں ذیشان جاوید نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی کے ڈائریکٹر علامہ وقار احمد قادری نے تمام شرکاء و معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا بعد ازاں قرآن خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔

پروگرام میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منہاج القرآن کارپی کے بچوں نے ملی نغمہ اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ہم ایک ہیں پیش کیا۔ علامہ وقار احمد قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان میں دو باتیں آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت ہیں، پہلی یہ کہ ریاست مدینہ کے بعد یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا۔ دوسری پاکستان بننے کے بعد بھی لوگوں کو ہجرت بھی کرنی پڑی۔ آج ملک پاکستان کو مستحکم بنانے کے لیے ہمیں پاکستان پر ایمان کی مضبوطی کے ساتھ اپنے تن من دھن کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ اس پروگرام کی نقابت کے فرائض مرزا امتیار نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کے آخر میں خصوصی دعا ہوئی، اس موقع پر پاکستان کی سلامتی و امت مسلمہ کی ترقی شہداء کے بلندی درجات کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ تقریب کا اختتام کیک کاٹنے سے ہوا، جس کے بعد لنگر کا خصوصی انتظام کیا گیا۔

رپورٹ: حسن زمان تارڑ

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top