معاشرے میں عدل و انصاف کی ضرورت سب سے زیادہ عدلیہ کے شعبہ میں ہوتی ہے: علامہ رانا ادریس

مورخہ: 18 اگست 2017ء

حضور اکرم ﷺ نے فرمایا ہے جو قاضی صحیح فیصلہ نہیں کرے گا اسکا مقام جہنم ہے
جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

لاہور (18 اگست 2017) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ محمد ادریس رانا نے کہا ہے کہ معاشرے میں عدل و انصاف کی ضرورت سب سے زیادہ عدلیہ کے شعبہ میں ہوتی ہے۔ کیونکہ یہی وہ خاص جگہ ہے جہاں ہر جائز و ناجائز، غلط و صحیح میں تمیز کی جاتی ہے، اسی لئے اسلام نے عدالتی شعبے میں ایک مکمل ضابطہ پیش کیا ہے۔ اسلام نے عدالت میں جج (قاضی) کے تقرر پر یہ شرائط لازمی قرار دے دی ہیں کہ وہ ہرطبقے کے لوگوں کو بلا تفریق انصاف فراہم کرے اور ہر کسی کے بھی دباؤ میں نہ آئے۔ امام شوکانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں اگر فیصلے کیلئے ایسے حاکم یا جج کی طرف بلایا جائے جو عادل اور قرآن و سنت کا عالم ہو تو اس کے پاس جانا ضروری ہے، البتہ اگر وہ حاکم یا جج قرآن و سنت کے علم اور ان کے دلائل سے بے بہرہ ہو تو اس کے پاس فیصلے کیلئے جانا ضروری نہیں۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ حضور ﷺ کا فرمان ہے قاضی غصے کی حالت میں ہو تو اسے چاہیے کہ غصہ ختم ہونے تک کسی بھی مقدمہ کا فیصلہ نہ کرے کیونکہ ایسی حالت میں اس سے انصاف کے تقاضوں میں کوتاہی کا اندیشہ ہو سکتا ہے۔ بعض اوقات اچھے قسم کے قاضی کو بھی ظالم حکمران کا دباؤ قبول کرنا پڑتا ہے اور اس طرح صحیح فیصلہ نہیں ہو پاتا اسی بنا حضور اکرم ﷺ نے فرمایا ہے جو قاضی صحیح فیصلہ نہیں کرے گا اسکا مقام جہنم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاضی اسلامی قوانین کے مطابق عدالت کی تشکیل و ترتیب کرتا ہے اس کا کردار اور عمل ایسا ہونا چاہیے کہ شکائت کنندہ اور جس کے خلاف شکایت کی گئی ہو دونوں کو مطمئن کرے اس کا رویہ دونوں سے یکساں ہونا چاہیے اور فیصلہ سناتے وقت کسی بھی دباؤ یا لالچ کو پیش نظر نہ رکھے اسی لئے اسلامی قوانین میں قاضی کو تحفہ لینے سے بھی منع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملزموں کے کٹہرے میں حاکم وقت بھی کھڑا ہو تو جج (قاضی) کو اپنے فیصلے میں کسی بھی قسم کا تردد نہیں کرنا چاہیے کیونکہ حاکم وقت اس وقت اس کے سامنے ملزم کی حیثیت سے کھڑا ہے۔

نماز جمعہ کے بعد تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی کے درجات کی بلندی کیلئے قرآن خوانی اور خصوصی دعا کی گئی، علامہ محمد ادریس رانا و دیگر رہنماؤں نے صاحبزادہ فیض الرحمان درانی کی دینی، علمی اور فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top