پاکستان امن سے محبت کرنیوالوں کی سرزمین ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

مورخہ: 27 اگست 2017ء

دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں افواج پاکستان نے قابل فخر کارکردگی دکھائی:
یوتھ ونگ کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب، مظہر محمود علوی، منصور قاسم نے بھی خطاب کیا

لاہور (27 اگست 2017) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے یوتھ ونگ کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے محب وطن نوجوان ہر اندرونی اور بیرونی سازش کو ناکام بنائیں گے، پاکستان پر امن اور دہشتگردی سے نفرت کرنے والوں کا ملک ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی یوتھ انقلاب برپا کر کے دم لے گی، کرپشن کے بت اوندھے منہ گر گئے، انقلاب اس قوم کا مقدر ہے۔ اجلاس سے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، منصور قاسم، امجد جٹ، عصمت علی، سیف اللہ بھنگر، انعام مصطفوی ودیگر نے خطاب کیا۔ اجلاس میں اضلاع کے صدور جنرل سیکرٹری خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ دہشتگردی کی خاتمے کی جنگ میں افواج پاکستان نے قابل فخر کارکردگی دکھائی۔ آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹی۔ 90 فیصد دہشتگردی ختم کرنے میں ہم کامیاب ہوئے، 10 فیصد بھی ختم ہو جاتی اگر کرپٹ اشرافیہ رکاوٹ نہ بنتی، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور کرپشن کا چولی دامن کا ساتھ ہے، دہشتگردی کی جڑیں کاٹنے کے لیے کرپٹ عناصر لیڈروں، جماعتوں اور گروپوں کی جڑیں کاٹنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے خود کش دھماکوں کے خلاف فتوی دے کر دہشتگردی کو اسلام سے الگ کر دیا، اور نوجوانوں کی تربیت میں امن اور محبت کو داخل کیا، انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے خلاف 600 صفحات کا فتوی دینے کے بعد دہشتگردوں نے حملوں کی بہت کوشش کی مگر وہ کامیاب نہ ہوسکے۔ مگر دہشتگردوں کے سپورٹرز شریف برادران حملہ کرنے اور لاشیں گرانے میں ضرور کامیاب ہوئے، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن امن اور محبت کے پیغام کو عام کرنے اور کرپشن کے خاتمے کی جدوجہد کا رد عمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تعالی کرپشن کی باقیات بھی اپنے انجام کو پہنچے گی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا انجام بھی قریب ہے۔

مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے یوتھ ونگ کی 1 سالہ کارکردگی اور ضرب امن دستخطی مہم اور امن سائیکل کاروان کی کامیاب تکمیل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ مظہر محمود علوی نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے نوجوان امن کے سفیر بن کر پاکستان کی گلی گلی میں اخوت، محبت اور امن کے پرچم لہرا رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top