منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اجتماعی قربانی کے انتظامات مکمل

مورخہ: 30 اگست 2017ء

ملک بھر میں منہاج القرآن کے تحت اجتماعی قربانی کی بندوبست کیا گیا ہے
عوام ایسے اداروں کو قربانی کی کھالیں دیں، جنکی خدمات کھلی کتاب کی طرح ہیں
ڈائریکٹر منہاج القرآن فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ کا قربان گاہ کا دورہ

لاہور (29 اگست 2017) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام عید الاضحی پر ہزاروں چھوٹے بڑے جانوروں کی قربانی کی تیاریاں و انتظامات تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ لاہور میں مرکزی قربان گاہ جدید سلاٹر ہاؤس میں قائم کر دی گئی ہے۔ مرکزی قربان گاہ میں جانور پہنچ چکے ہیں۔ سینکڑوں گائیں، بکرے، دنبے اور چھترے ذبح کر کے عید الاضحی پر سنت ابراہیمی کو ادا کیا جائیگا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے ساتھ مرکزی قربان گاہ کا دورہ کیا، انتظامات کا جائزہ لیا اور جانوروں کی دیکھ بھال، سیکیورٹی اور خوراک کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں، اس موقع پرخرم شہزاد، جواد حامد، حاجی منظور، ایوب انصاری، ساجد حمید، سعید اختر اور منہاج القرآن کے دیگر رہنماء بھی انکے ہمراہ تھے۔

مرکزی کمیٹی کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے سید امجد علی شاہ نے کہا کہ قربانی کا گوشت ضرورت مندوں میں تقسیم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر لائحہ عمل تیار کر کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ قصابوں کی بکنگ، گاڑیوں کی بکنگ، قربان گاہ کی تیاری اور گوشت کی تسیم کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔

امجد علی شاہ نے مزید کہا کہ عید الاضحی کے تینوں روز فوری طبی امداد کیلئے تجربہ کار ڈاکٹرز کی ٹیم اور منہاج القرآن کی ایمبولینس ہمہ وقت موجود ہوں گی۔ لاہور میں مرکزی قربان کے علاوہ پورے ملک میں اجتماعی قربانی کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں اجتماعی قربانی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کی کھالوں کی آمدن تعلیمی و فلاحی منصوبہ جات پر خرچ کی جائے گی۔ اجتماعی قربانی میں 10 ہزار سے زائد حصے ڈالے جائیں گے۔ 90فی صد حصوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں دو سو سے زائد مقامات پر اجتماعی قربانی کے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے کوارڈینیشن کیلئے مربوط نظام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں قائم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ باور کرانا از حد ضروری ہے کہ کوئی انتہا پسند تنظیم روپ اور بھیس بدل کر قربانی کی کھالیں اکٹھی نہ کر پائے، کیونکہ دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ کا ایک بڑا ذریعہ قربانی کی کھالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فلاحی اداروں کو قربانی کی کھالیں دی جائیں جنکی خدمات کھلی کتاب کی طرح ہیں۔ منہاج القرآن کے زیر اہتمام ملک بھر میں ہزاروں بچوں کومفت تعلیم دی جاتی ہے۔ 700 کے قریب سکولز پورے ملک میں جہالت کے اندھیروں کو دور کر رہے ہیں، یتیم بچوں اور بچیوں کیلئے آغوش و بیت الزہراہ کے نام سے عالمی معیار کے ادارے قائم کئے گئے ہیں، جہاں انہیں مفت تعلیم، خوراک اور رہائش فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں طبی مراکز اور مفت ایبولینس سروس بھی مہیا کی جا رہی ہے۔ نادار بچوں اور بچیوں کی شادی کے اخراجات بھی اٹھائے جاتے ہیں۔ سندھ کے دور دراز کے علاقوں میں میٹھے پانی کی فراہمی منہاج القرآن کے فلاحی منصوبوں میں ایک بڑا منصوبہ ہے۔ تمام فلاحی کام مخیر حضرات کے تعاون سے کئے جاتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top