منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کا ڈاکٹر رُوتھ فاؤ کو خراج تحسین، شمعیں روشن

مورخہ: 31 اگست 2017ء

ڈاکٹر رُوتھ فاؤ نے شب و روز انسانیت کی خدمت کی: سہیل احمد رضا
حکومت پاکستان سے ملنے والے اعزازات انکی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہیں، تقریب سے خطاب
تقریب میں مسلم، مسیحی، ہندو اور سکھ رہنماؤں کی شرکت
سہیل احمد رضا کا آرچ بشپ جوزف کوٹس کو ٹیلی فون، ڈاکٹر رُوتھ فاؤ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا

لاہور (31 اگست 2017) منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے زیراہتمام پاکستانی مدر ٹریسا ڈاکٹر رُوتھ فاؤ کی انسانیت کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شمعیں روشن کر کے ڈاکٹر رُوتھ فاؤ کو یاد کیا گیا اور انکی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے کہا کہ ڈاکٹر رُوتھ کیتھرینا فاؤ کی خدمات کو پاکستانی قوم کبھی نہیں بھول سکتی۔ ڈاکٹر رُوتھ نے کوڑھ کے مرض کے علاج کیلئے جس طرح پاکستانی قوم کی خدمت کی، انکا نام ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی جانب سے ڈاکٹر روتھ فاؤ کی بلا امتیاز رنگ و نسل و جنس و مذہب دکھی انسانیت کیلئے اعلیٰ خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انکی وفات سے ملک ایک ہمدرد اور انسانوں سے محبت کرنیوالی معالج سے محروم ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر روتھ فاؤ کے ورثاء مسیحی برادری اور کیتھولک چرچ سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم ڈاکٹر رُوتھ فاؤ اور انکی خدمات کو فراموش نہیں کریگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1960 میں ویسٹ جرمنی سے کراچی کیتھولک مشن کے ساتھ منتقل ہونے والی ڈاکٹر روتھ فاؤ نے میری ایڈ ی لینڈ سوسائٹی کے سربراہ کی حیثیت سے شب و روز محنت کر کے پاکستان سے جذام کے موذی مرض کا خاتمہ کیا۔ انکی خدمات کے اعتراف میں انہیں پاکستانی مدر ٹریسا کا خطاب دیا گیا۔ حکومت پاکستان کی جانب ستارہ قائد اعظم ہلال امتیاز، ہلال پاکستان اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ انکی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تقریب میں مسیحی، ہندو اور سکھ رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور ڈاکٹر رُوتھ فاؤ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی وفات سے بہت بڑا خلا پیدا ہوا ہے۔

دریں اثناء ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے آرچ بشپ آف کراچی بشپ جوزف کوٹس کو ٹیلی فون کیا اور ڈاکٹر رُوتھ فاؤ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top