عوامی تحریک 8 ستمبر کو 200 شہروں میں مظلوم برمی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کریگی
سلامتی کونسل برما میں ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لے: ڈاکٹر طاہرالقادری
سربراہ عوامی تحریک کی کارکنوں کو احتجاجی مظاہروں میں شریک ہونے کی ہدایت
اقوام متحدہ، اسلامی دنیا نے کوئی نوٹس نہیں لیا، مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب
لاہور (7 ستمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ملک بھر کی تنظیمات اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل 8 ستمبر کو روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے عوامی تحریک کے شہر شہر ہونیوالے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ برما کی حکومت متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے مشن اور انٹرنیشنل میڈیا کو جانے کی اجازت نہیں دے رہی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ برما کے مسلمان بد ترین ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں، حالیہ پر تشدد واقعات کوایک ماہ سے زیادہ عرصہ ہو گیا مگر اقوام متحدہ کی طرف سے ٹھوس اقدامات سامنے نہیں آئے جو ایک اور المیہ ہے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ 2 ہفتوں کے بعد بھی اسلامی دنیا یا اقوام متحدہ کی طرف سے برما کے مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے جو بے حسی اور سفاکیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل برما میں جاری ریاستی دہشتگردی کو روکنے کیلئے فوری ایکشن لے اور بین الاقوامی افواج کو برما میں بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا برمی حکومت کی طرف سے ریاستی دہشتگردی کرنے کا نوٹس لے۔
پاکستان عوامی تحریک کل 8 ستمبر لاہور سمیت کراچی، رالپنڈی، کوئٹہ، پشاور، ملتان، گوجرانوالہ، ساہیوال، ڈ ی جی خان، بہاولپور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں برمی مسلمانوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ سربراہ عوامی تحریک نے کارکنوں کو ان مظاہروں میں بھر پور شرکت کی ہدایات دی ہیں۔
تبصرہ