برما میں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف عوامی تحریک اسلام آباد کا مظاہرہ

برما میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے بد ترین مظالم کے خلاف پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام اسلام آباد میں میلوڈی تا آبپارہ چوک پرامن احتجاجی ریلی 8 ستمبر 2017ء کو نکالی گئی۔ جس میں مرد، خواتین، نوجوانوں نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت عوامی تحریک کے صوبائی و ضلعی رہنمائوں نے کی۔ میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، میر اشتیاق ایڈووکیٹ، جمشید خان، سردار پھل نصیب، عرفان طاہر، فاروق بٹ، سفیان صابر، ایاز صابر، عاطف محمود، احسان اللہ سیال، احمد یار گوندل، شیخ اقبال، ملک تنویر، سردار محمد علی لاشاری، یوتھ ونگ کے عاتطف محمود، سلیم رشید، ضیاء رسول بٹ، حمزہ بٹ، ویمن لیگ کی خواتین، یوتھ ونگ کے نوجوان، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران و کارکنان نے بڑی تعداد میں ریلی میں شرکت کی۔

احتجاج میں برمی مسلمانوں کے حق میں اور برمی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ عوامی تحریک کے رہنمائوں نے مشترکہ قراد اد کے ذریعے عالمی برادری کو باور کروایا کہ روہنگیا میں مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات کرے اور یو این فوری طور پر وہاں امن فوج کے دستے بھجوائے، ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں ھکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ برمی سفیر کو فوری طلب کر کے سخت احتجاج ریکارڈ کروائے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ابراررضاایڈووکیٹ نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جو مذموم اور سفاک مہم برمی حکمرانوں کی سر پرستی میں چل رہی ہے اسکی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ بڑے پیمانے پر ہونیوالے قتل عام میں معصوم بچوں کو بھی گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے۔ مرکزی رہنما عمرریاض عباسی نے کہا کہ عالمی طاقتوں، یو این او، او آئی سی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کی خاموشی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر قانون اور ضابطہ انسانی قتل عام کی شدیدمذمت کرتا ہے۔ ترجمان قاضی شفیق نے کہا کہ روہنگیا میں جنگل کا قانون ہے اور اسے لگام دینے والا کوئی نہیں، امت مسلمہ کے حکمران مصلحتوں اور مفادات سے باہر نکل کر اس ظلم کو روکنے میں موثر کردار ادا کریں۔

مرکزی رہنما ویمن ونگ مسرت سلطانہ، دیا چوہد ری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج برما میںمسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے، خواتین کی جس طرح بے حرمتی کی جا رہی ہے، عزتوں کو پامال کیا جا رہا ہے، جس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی اور انسانی حقوق کا واویلہ کرنے والے چپ سادھے بیٹھے ہیں۔

عوامی تحریک شمالی نجاب کے نائب صدر میر واعظ ترین نے کہا کہ مسلم ممالک کی حکومتیں فوری طور پر برما کے سفیر کو بلا کر اپنا شدید احتجاج نوٹ کروائیں اور سفاکیت کو روکنے کے حوالے سے پر زور مطالبہ کریں۔ روہنگیا کے شر پسندوں کو چند روز کی ڈیڈ لائن دی جائے اور نتیجہ نہ نکلنے پر مسلم ممالک برما سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیں۔ میڈیا کوآرڈینیٹرغلام علی خان نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے روح فرسا واقعات پر یو این کی خاموشی دنیا میں امن کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ دوہرے معیار کو ختم کئے بغیر دنیا کو امن کا گہوارہ نہیں بنایا جا سکتا۔

منہاج القرآن یوتھ ونگ کے جاوید قریشی، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد کے صدر حمزہ منہاج نے کہا کہ برما میں جاری بربریت انسانی تاریخ کے بد ترین واقعات میں سے ایک ہے۔ خون مسلم کی ارزانی پر دنیا کا ہر انسان دکھی ہے، مسلم برادری کے جذبات مجروح ہور ہے ہیں۔ منہاج القرآن اسلام آباد کے صدیق بٹ نے کہا کہ او آئی سی خاموشی توڑے، خصوصی اجلاس بلا کر لائحہ عمل کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا کے مسلمانوں پر جس طرح مظالم ڈھائے جا رہے ہیں وہ پوری مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ ہے۔

دریں اثناء سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات پر برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد سمیت ملک کے 100 بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top