برما میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام فوری بند کیا جائے: عوامی تحریک حیدرآباد کا احتجاج

پاکستان عوامی تحریک حیدرآباد، منہاج القرآن حیدرآباد، مصطفوی اسٹوڈنٹ موومنٹ اور منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام برما کے روہنگیا مسلمانوں کے حق میں پرامن احتجاجی مظاہرہ اور ریلی تلک چاڑی تا حیدر آباد پریس کلب نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے صدر امیر منہاج القرآن لوئر سندھ ندیم احمد نقشبندی، سید کامران پرویز، یونس القادری، خالد راجپوت، جان محمد بروہی، سید مبشر علی شاہ، دلنواز بلوچ اور شیراز قریشی انوار خان نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے برما کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اور عالمی برادری سے برما کے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بند کرانے کے لیے مطالبہ کررہے تھے۔

حیدر آباد پریس کلب کے باہر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قائد عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت پر حیدرآباد سمیت پاکستان بھر میں میانمار میں روئنگیا مسلمانوں پر ہونے والے انسانیت سوز تشدد کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کی نسل کشی ناقابل برداشت عمل ہے، جسے فوری روکا جائے اور عالم اسلام کو اس کے خلاف یک زبان ہو کر آواز بلند کرنی چاہیے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ عالمی امن فوج بھیج کر اس نسل کشی کو فوری رکوائےاور امریکہ سمیت عالمی طاقتیں برما حکومت اور فوج کو دھشت گردوں کی فہرست میں شامل کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top