خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے رہنماوں کی ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات

بلوچستان اور خیبر پختونخواہ سے آئے ہوئے عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس اور ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات 27 ستمبر 2017ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوئی۔ اجلاس میں سید حبیب اللہ شاہ، شیخ عبد اللہ گنڈا پور، ضیاء الرحمن خان، تنویر احمد، اویس احمد ایڈووکیٹ، پرویز حسین، حاجی شوکت حیات، عزیز اللہ محسود، ولی اکبر خان، بادشاہ حسین، سید محمد اسماعیل شامل تھے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ سے آئے ہوئے رہنماؤں کو سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور تحریک منہاج القرآن کی طرف نائب ناظم اعلیٰ احمد نواز انجم نے خوش آمدید کہا۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان ترقی اور خیبر پختونخواہ امن کا گیٹ وے ہے۔ ہمیں وہ ترقی نہیں چاہیے جس کے ثمرات سے غریب عوام محروم ہوں۔ دونوں صوبوں کے عوام پاکستان کے استحکام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو تعلیمی اور فلاحی منصوبوں میں بلوچستان کو اولیت دینے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ گزشتہ 30 سال میں جس جماعت نے بھی وفاق میں حکومت بنائی اس نے چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کیا۔ جھوٹے وعدوں سے بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے عوام کے حالات نہیں بدلیں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کے بنیادی مسائل امن، تعلیم، تحفظ اور صاف پانی ہیں اگرچہ پورا پاکستان ان مسائل کا شکار ہے لیکن بلوچستان میں یہ مسائل شدت کے ساتھ موجود ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو بلوچستان میں تعلیمی اور فلاحی منصوبہ جات میں فوقیت دینے کی ہدایت کی ہے۔ بلوچستان کے عوام کا پاکستان پر سب سے زیادہ حق ہے، یہی وہ صوبہ ہے جس نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ غیر مشروط عہد وفا نبھایا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ تمام تر نا انصافیوں اور امتیازی رویوں کے باوجود دونوں صوبوں کے عوام نے ہر نازک موقع پر پاکستان سے محبت کا حق ادا کیا۔

بلوچستان کے رہنما سید حبیب اللہ شاہ نے کہا کہ جب بھی ن لیگ بر سر اقتدار آتی ہے ہماری محرومیاں بڑھ جاتی ہیں ہمیں بیانات اور میگا پروجیکٹس کی افتتاحی تختیوں سے بہلانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ بلوچستان کے عوام میں شدید اشتعال ہے کہ بلوچستان کے اندر دہشتگردی کا نیٹ ورک چلانے والے کلبھوشن کے خلاف نواز شریف نے عالمی سطح پر آواز کیوں نہیں اٹھائی؟ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں بلوچستان کے ساتھ نا انصافی پر نواز شریف قانون قدرت کی گرفت میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایک سازش کے تحت فساد برپا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انشا اللہ تعالیٰ بلوچستان کے محب وطن عوام افواج پاکستان سے مل کر ہر قسم کی داخلی و خارجی سازشوں کا قلع قمع کرینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top