لاہور: تحریک منہاج القرآن کا 27 واں یوم تاسیس

(ایم ایس پاکستانی)

تحریک منہاج القرآن کا 27 واں یوم تاسیس مورخہ 17 اکتوبر 2008ء کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں ہوا۔ اس پروقار تقریب کو گوشہ درود کے ہال کی چھت پر منعقد کیا گیا۔ امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے اس تقریب کی صدارت کی۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب امیر تحریک بریگیڈئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ سکوارڈن لیڈر (ر) عبدالعزیز، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈوکیٹ، فرغانہ انسٹی ٹیوٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل مانچسٹر کے پرنسپل علامہ محمد رمضان قادری، ناظم تنظیمات سردار منصور خان، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود، ، ناظم اجتماعات ساجد محمود بھٹی، ایم ڈی منہاج ایجوکشین سوسائٹی شاہد لطیف قادری، تحریک منہاج القرآن کی پہلی مجلس شوریٰ کے ممبر محمد اسلم، سینئر نائب ناظم تعمیرات ملک شمیم احمد نمبردار، ساجد حمید اور دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ اس پروگرام کی خاص بات ملک بھر سے آئے تحریک منہاج القرآن کے مختلف فورمز کے عہدیداران کے علاوہ تحریک کی پہلی ایگزیکٹو کے اراکین کی بھی پروگرام میں شرکت تھی۔ پروگرام کے شرکاء میں نصف سے زائد تعداد خواتین کی بھی تھی جن کے لیے پنڈال کا ایک حصہ الگ مخصوص تھا۔

مصنوعی روشنیوں میں منعقد ہونے والی اس تقریب کا آغاز شب 9 بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد عبدالباسط نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  پڑھی۔ منہاج نعت کونسل نے اپنے مخصوص انداز میں درود پاک پیش کیا اور دف کے ساتھ نعت خوانی بھی کی۔ نعت خوانی کے پروگرام میں تحریکی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ منہاج پروڈکشنز کی طرف سے شہر اعتکاف 2008ء کی تیار کردہ خصوصی شارٹ ڈاکو منٹری بھی پیش کی گئی۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تمام شرکاء کو تحریک کے 27 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں خوشی ہے کہ تحریک کا 27 سالہ سفر مکمل ہو رہا ہے۔ تحریک منہاج القرآن آج شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت ساری دنیا میں اسلام کا عالمی پیغام امن عام کر رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں شروع ہونے والا یہ قافلہ آج ایک عالمی پیغام امن کا داعی بن چکا ہے۔ ان شاء اللہ ہمارا یہ عزم ہے کہ ہم دنیا میں قیام امن اور غلبہ اسلام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہمارے لیڈر و رہنماء اور مربی ہیں۔ ہم ان کی قیادت میں ملک پاکستان اور عالم اسلام کی تقدیر کو بدلیں گے۔

نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ الحمد للہ تحریک منہاج القرآن نے 27 سال کے مختصر عرصہ میں جو کامیابیاں اور کامرانیاں سمیٹی ہیں وہ اس کے بانی اور ہم سب کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مرہون منت ہیں۔ ہم اس عظیم اسلامی مشن کے کارکن ہیں۔ ہمارے لیے یہ دن تجدید عہد و وفا کا  ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں خدمت دین کے لیے چنا ہے۔ اس پر بھی آج تحدیث نعمت کرنا ہمارا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے جس انداز میں 27 سالہ سفر طے کیا ہے یہ ایک شاندار سنہری دور ہے۔ ان شاء اللہ ہم مستقبل میں اس سے بھی زیادہ عزم و بہادری کے ساتھ منہاج القرآن کے مشن کے ساتھ وابستہ رہیں گے۔

تحریک منہاج القرآن کی پہلی مجلس شوریٰ کے رکن محمد اسلم نے اولین مرکزی ایگزیکٹو کے نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب کو اس بات پر یقین ہونا چاہیے کہ یہ مشن حق ہے اور اللہ تعالیٰ ہم کو اسی پر ہی قائم و دائم رکھے۔ انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کا واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ 1987ء کی بات ہے کہ میں ایک دنیا دار انسان تھا اور اب بھی ایک کاروباری شخص ہوں۔ میرا علماء دین پر کوئی اعتماد نہ تھا۔ میں ان لوگوں کو دروغ گو سمجھتا تھا۔ اس زمانہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نوجوانی کی عمر میں سمن آباد میں درس قرآن دیتے تھے۔ مجھے کسی کی دعوت پر آپ کا درس قرآن سننے کا اتفاق ہوا۔ جس کے بعد میں آپ سے ملا اور آپ نے مجھے منہاج القرآن میں شمولیت کی دعوت دی۔ اس پر میں نے آپ کو مختلف حوالوں سے آزمایا لیکن الحمد للہ آپ ہر طرح سے کامل نکلے۔ آپ وہ شخصیت تھے جس سے ملاقات کے بعد میرا علماء کے حوالے سے ایک غلط خیال نہ صرف زائل ہو گیا بلکہ اس کے بعد میں علماء کا خادم بن گیا۔ آج اس عقیدہ پر قائم ہوں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو منہاج القرآن کے ساتھ عملی تعلق نبھانے کی توفیق دے۔ یوم تاسیس پر میرا آپ سب کو یہی پیغام ہے۔

پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بیرون ملک سے ٹیلی فونک اظہار خیال بھی کیا۔ آپ نے سب سے پہلے تمام شرکاء تقریب کو تحریک کے 27 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دی۔ آپ نے کہا کہ الحمد للہ آپ کو اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ آج تحریک منہاج القرآن دنیا کے سو سے زائد ممالک اور دنیا کے ساتوں براعظموں میں پھیل چکی ہے۔ ان ممالک میں تحریک کا باقاعدہ پیغام عام ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز ہیں جہاں ہزاروں لوگوں کو علم کی روشنی سے منور کیا جاتا ہے۔ اس اعتبار سے منہاج القرآن دنیا کی واحد آرگنائزیشن ہے جو روئے زمین میں سب سے بڑا تنظیمی و انتظامی سیٹ آپ رکھتی ہے۔ آپ نے کہا آج ہمیں یہ کہنے میں کوئی مبالغہ نہیں ہے کہ منہاج القرآن دنیا کا واحد ادارہ ہے جو اسلام کے فروغ و اشاعت کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ سرگرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج مغربی دنیا اور یورپ میں منہاج القرآن کو اسلام کا سب سے پرامن داعی سمجھا جاتا ہے۔ اس پر ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ جس نے منہاج القرآن کو جدید ترین ذرائع سے اسلام کا پیغام امن پوری دنیا میں عام کرنے کی توفیق دی۔ آپ نے کہا کہ یہ وہ دور ہے جس میں ہر طرف اسلام کی بات کرنے والوں اور اس کا نام لینے والوں کو خواہ مخواہ ہی دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے جوڑا جارہا ہے اور بالخصوص غیر مسلم دنیا میں تو یہ سوچ بن چکی ہے لیکن الحمد للہ اس کے باوجود تحریک منہاج القرآن کو پرامن اور روشن خیال تحریک کے طور پر جانا جاتا ہے۔ آپ نے کہا کہ یہ صرف دعویٰ نہیں ہے بلکہ حقائق ہیں کہ ہم نے ہر دعوت و تبلیغ سے لے کر فلاح عامہ، عالمی قیام امن، اقلیتوں کی نمائندگی، عورتوں کی نمائندگی اور دیگر تمام شعبوں میں اسلام کے پیغام کو دنیا میں عام کیا ہے۔ اس وجہ سے آج منہاج القرآن کو وہ مقام حاصل ہے جو کسی اور کے پاس نہیں ہے۔ شیخ الاسلام نے کہا اس پر ہم سب کو اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرنا چاہیے کہ وہ ہماری اس نوکری کو قبول کرے۔ آج کے دن ہمیں اپنے آپ سے تجدید عہد کرنی چاہیے کہ ہم تحریک کا کام پہلے سے بھی زیادہ دل جمعی اور جوش و خروش سے کریں گے۔ ان شاء اللہ آپ سب کی کاوشوں سے ملکر ہی اسلام ساری دنیا میں پھر سے سروخرو ہوگا۔

شیخ الاسلام کے خطاب کے بعد امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے بھی اظہار خیال کیا جس کے بعد انہوں نے اختتامی دعا بھی کروائی۔ پروگرام میں منہاج یوتھ لیگ کے صدر بلال مصطفوی نے کمپئرنگ کے فرائض سرانجام دیئے۔ آخر میں تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کے لیے پرتکلف ڈنر کا بھی اہتمام تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top