جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ق یوتھ کے مرکزی صدور کی منہاج القرآن کے 38 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد

موجودہ حکمرانوں نے ملک کو مقروض کر کے قوم کو آکسیجن ٹینٹ میں رکھا ہوا ہے: مظہر علوی
کرپٹ حکمرانوں کی اگلی نسلیں بھی مکروہ سوچ کی حامل ہیں، صدر PAT یوتھ ونگ
22 اکتوبر کو ’’نیشنل یوتھ الائنس‘‘ کے قیام کیلئے 25 جماعتوں کی یوتھ و طلباء تنظیمات کا اجلاس ہوگا

لاہور (17 اکتوبر 2017) جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے مرکزی صدر زبیر گوندل اور مسلم لیگ ق کے مرکزی صدر بلال شیرازی نے عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔ زبیر گوندل اور بلال شیرازی نے مظہر علوی کو تحریک منہاج القرآن کے 38 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت و تندرستی کیلئے دعا کی۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں منہاج القرآن کا وسیع اور منظم نیٹ ورک امت مسلمہ کے مابین یکجہتی، استحکام، بین المسالک ہم آہنگی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی نے کہا ہے کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ ملک بھر میں نوجوانوں کی علمی، سیاسی، روحانی، فکری رہنمائی کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کا فریضہ بھی انجام دے رہی ہے۔ نوجوانوں کو بے مقصدیت کی دلدل سے نکال کر پر سکون اور بامقصد زندگی گزارنے کا ڈھنگ سکھارہی ہے۔ ملکی ترقی میں طلباء اور نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ قوم کے ان معماروں کی اخلاقی تربیت وقت کا اہم تقاضا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان ملک کے استحکام، امن اور فروغ علم کے لیے مل کر مشترکہ جدوجہد کریں۔ 22 اکتوبر کو ’’نیشنل یوتھ الائنس‘‘ کے قیام اور اغراض و مقاصد کے حوالے سے 25 جماعتوں کے یوتھ ونگ کے اجلاس میں اہم مشاورت اور فیصلے ہونگے۔ اجلاس ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ دونوں رہنماؤں نے عوامی تحریک کے مرکزی صدر مظہر علوی کو 22 اکتوبر کے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات میں منصور قاسم اعوان، علی رضا نت، حاجی فرخ، عمر اعوان و دیگر بھی موجود تھے۔

مظہر محمود علوی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ خوشی ہے کہ ہماری کوششوں کا ہمیں مثبت جواب مل رہا ہے۔ 25 سے زائد یوتھ اور سٹوڈنٹس تنظیمات کے رہنماؤں نے 22 اکتوبر کے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو مقروض کر کے قوم کو آکسیجن ٹینٹ میں رکھا ہوا ہے۔ حالت یہ ہے کہ ملک رینگ رہا ہے چل نہیں رہا۔ ملک کا نظام اور نام نہاد جمہوریت چند شخصیات کی جیب میں ہے، کرپٹ حکمرانوں کی اگلی نسلیں بھی مکروہ سوچ کی حامل ہیں۔ قا تل اور کرپٹ حکمران اب بچ نہیں سکتے، انہیں ایک ایک ظلم کا حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چل رہی ہے مگر ملک نہیں چل رہا، دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، مہنگائی، بد امنی، بیروزگاری میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستانی نوجوان عدم تحفظ کا شکار ہیں، عوامی تحریک یوتھ ونگ نوجوانوں کے اتحاد، حقیقی جمہوریت اور صاف ستھری سیاست کے قیام کیلئے کوشاں ہے۔ برائی کی قوتیں زور پکڑ چکی ہیں۔ نوجوان بے راہ روی کا شکار ہو رہے ہیں، مثبت سوچ رکھنے والی نیکی کی قوتوں کو رفتار تیز کرنا ہو گی۔ نوجوانوں کی اصلاح کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top