تحریک منہاج القرآن کا 34 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان گراؤنڈ میں منعقد کرنیکا اعلان

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کرینگے، کانفرنس میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کرینگے
ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی مینار پاکستان میں سٹیج اور پنڈال کی تیاریوں کا کام شروع کر دیا جائیگا
لاہور کے کارکن تیاریوں اور انتظامات کے لیے زیادہ محنت کریں کیونکہ وہ اس کانفرنس کے میزبان ہیں
مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس سے جواد حامدا ور حافظ غلام فرید کا خطاب

لاہور (2 نومبر 2017) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام عالم اسلام کی سب سے بڑی 34ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان گراؤنڈ میں منعقد ہو گی۔ عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کرینگے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔ میلاد مہم 2017 ء کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم شروع کر دی گئی ہے۔ عالمی میلاد کانفرنس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے نمائندگی کے لیے سکالرز اور مشائخ شرکت کریں گے جبکہ عوام الناس سیاسی، مذہبی، تاجر، اساتذہ، ڈاکٹرز، وکلاء، طلبہ، مزدور، کسان رہنماؤں کو عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ لاہور کے تاجر رہنماؤں کو بھی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت دی جائے گی۔ لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں ضلع کی سطح سے لے کر یونین کونسل سطح تک عوامی رابطہ مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس 2017ء جواد حامد اور منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ 60 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس میں شہزاد رسول، سید اختر، ثناء اللہ خان، الیاس ڈوگر، ایوب انصاری، امتیاز اعوان، اشتیاق حنیف مغل، میاں زاہد جاوید، حاجی فرخ، یونس نوشاہی، آمنہ بتول و دیگر بھی موجود تھے۔

جواد حامد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا 34 ویں عالمی میلاد کانفرنس اور ضیافت میلاد مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہو گی۔ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی عالمی میلاد کانفرنس کیلئے مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں سٹیج اور پنڈال کی تیاریوں کا کام شروع کر دیا جائیگا۔ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں، انتظامات اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر سربراہ عالمی میلاد کانفرنس خرم نواز گنڈاپور کو دی جائیگی۔ مرکزی رہنماؤں سے رہنمائی لے کر عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات میں تیزی لائی جائیگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میلاد کا سماں پیدا کرنے کے لیے عوام الناس کو میلاد مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔ لوگوں کو گھروں پر چراغاں کرنے اور مشعل بردار جلوس نکالنے کی ترغیب دی جائیگی۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن عشق مصطفی ﷺ کو عام کرنے کیلئے گزشتہ تین دہائیوں سے محنت کررہی ہے، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت مسلمہ کو عشق مصطفی ﷺ کا ایسا سبق پڑھایا ہے کہ دنیا کے ہرکونے میں میلاد کانفرنسز منعقد ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکن عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے لیے زیادہ محنت کریں کیونکہ وہ اس کانفرنس کے میزبان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف شہر لاہور سے عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں مردو خواتین شرکت کریں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top