اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان انقلاب مانگ رہا ہے، یوم اقبال پر عوامی تحریک کے زیراہتمام سیمینار

اقبال ایک طرز فکر کا نام ہے، ولید اقبال، ڈاکٹر فرید پراچہ، ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، خرم نواز گنڈا پور کا خطاب

لاہور (9 نومبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام یوم اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر مرکزی سیکرٹریٹ میں فکر اقبال کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، ولید اقبال، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، ساجد محمود بھٹی، حافظ غلام فرید نے خطاب کیا۔

ولید اقبال نے کہا کہ علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ فکر و نظر میں وسعت رکھتے تھے۔ انہوں نے اسلام کی حقانیت کو سمجھنے کیلئے تمام ادیان کا مطالعہ کیا اور جوں جوں انہوں نے دیگر مذاہب کا مطالعہ کیا انکی اسلام قرآن اور سنت سے وابستگی گہری تر ہوتی چلی گئی۔

ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ ایک طرز فکر اور لائف سٹائل کا نام ہے، پاکستان کو فکری، نظریاتی، سیاسی، معاشی، سماجی بحرانوں سے نکالنے کیلئے فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ کو سسٹم میں شامل کرنا ہو گا۔

ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکیم الامت نے اپنے شعری، نثری افکار میں ان تمام عوارض کی نشاندہی کر دی تھی جس کے آج ہم شکار ہیں، پاکستان کی ترقی اور امن قرآن و سنت کی تعلیمات میں ہے، یہی علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات تھیں۔ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے مغربی تہذیب و تمدن سے واسطہ رکھا لیکن انکی شخصیت پر اس کے اثرات مرتب نہیں ہوئے کیونکہ انکا قرآن اور سنت سے بہت گہرا تعلق تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ فرماتے تھے غیرت ہے بڑی چیز جہان تگ و دو میں پہناتی ہے درویش کو تاج سر دا را۔ ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہاکہ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے ایک اور برائی کا ذکر اپنے ایک شعر میں کیا تھا جسکا ایک مصرعہ ہے ’’ کہہ دے کوئی الو کو اگر رات کا شہباز ‘‘۔ فرید پراچہ کی طرف سے سنائے جانیوالے اس شعر پر شرکائے سیمینار نے والہانہ تالیاں بجائیں۔

حافظ غلام فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان انقلاب مانگ رہا ہے۔ سرفراز احمد نے حکیم الامت کی نظم سنا کر شرکائے سیمینار سے داد وصول کی۔

سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے سیمینار میں شرکت کرنے پر مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا، سٹیج سیکرٹری کے فرائض ساجد محمود بھٹی نے انجام دئیے، ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک نے آخر میں دعا کروائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top