نیلسن منڈیلا کے پوتے مینڈلہ منڈیلا کے اعزاز میں ڈاکٹر طاہرالقادری کا عشائیہ

عشائیہ میں میاں عمران مسعود، ولید اقبال، نوید چودھری، چودھری غلام حسین و دیگر شخصیات کی شرکت
پاکستان اور ساؤتھ افریقہ نے نو آبادیاتی نظام کے خلاف جدوجہد سے آزادی حاصل کی: منڈیلا کا خطاب

لاہور (2 دسمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نیلسن منڈیلا کے پوتے مینڈلہ منڈیلا کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔ عشائیہ میں شہزادہء غوث الوریٰ پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی، ساؤتھ افریقہ سے آئے ہوئے مہمان اے وی محمد، بیرسٹر اسماعیل ابوالحسن الخطیب، محمد زید نورڈین، رفیق نقشبندی، ق لیگ کے رہنما میاں عمران مسعود، تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال، پیپلز پارٹی کے رہنما نوید چودھری سمیت بڑی تعداد میں سیاسی، سماجی رہنماؤں اور سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔ معزز مہمانوں کو چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے خوش آمدید کہا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن بین الاقوامی ہم آہنگی اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے کام کررہی ہے۔ اس وقت ملت اسلامیہ اور دنیا کو متحد ہو کر انتہا پسندی، جہالت اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیک نیتی کے ساتھ متحد ہونا ہو گا۔ انہوں نے ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کیلئے ساؤتھ افریقہ سے آنے والے مہمانوں مینڈلہ منڈیلا، اسماعیل ابوالحسن الخطیب، اے وی محمد، محمد زید نورڈین کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے مہمانوں کو یاددگاری سوینئر بھی دیئے گئے۔

مینڈلہ منڈیلا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کی سیاسی تاریخ اس اعتبار سے ایک جیسی ہے کہ ساؤتھ افریقن عوام نے بھی نوآبادیاتی نظام کے خلاف تاریخی جدوجہد کی اور آزادی حاصل کی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیر اور فلسطین کو عوام کو بھی ان کا حق آزادی ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت پیار ملا۔ پاکستان کے لوگ امن سے محبت کرنے والے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا کے امن کیلئے شاندار کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ساؤتھ افریقہ کے دورے کے منتظر ہیں۔

ساؤتھ افریقہ سے آئے ہوئے سکالر بیرسٹر اسماعیل ابوالحسن الخطیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑا لیڈر بڑے دل اور بڑے ظرف والا ہوتا ہے۔ نیلسن منڈیلا 27 سال کی جیل کاٹ کر جب باہر آئے تو انہوں نے کہا تھا کہ کوئی گورا اور کالا نہیں، ساؤتھ افریقہ سب کا ہے۔ یہ وہی سوچ ہے جو فتح مکہ کے موقع پر دنیا کے عظیم انقلابی حضرت محمد ﷺ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا حضور نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ کا مطالعہ کرتے تھے۔ ان کی نسل میں اسلام کی روشنی اللہ کا انعام ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے معزز مہمانوں کا تعارف کروایا اور اردو میں جاری تقریب کی کارروائی کے حوالے سے مترجم کا کردار بھی ادا کیا۔

مینڈلہ منڈیلا اور دیگر مہمانوں نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ اور دیگر فلاحی منصوبہ جات کا دورہ بھی کیا جن میں فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ، آغوش، گرلز کالج، منہاج یونیورسٹی، شریعہ کالج و دیگر شعبہ جات شامل تھے۔

مینڈلہ منڈیلا نے تحریک منہاج القرآن کے آفسز اور منصوبہ جات کے دورہ کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اتنی منظم ویلفیئر، علمی، تحقیقی تحریک نہیں دیکھی جو پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا کے 90 ممالک میں خلوص کے ساتھ ملی، اسلامی اور بین الاقوامی کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و تندرستی کیلئے دعا گو ہیں۔

یاد رہے مینڈلہ منڈیلا خصوصی دعوت پر تحریک منہاج القرآن کی ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آئے تھے۔ مینڈلہ منڈیلا ساؤتھ افریقہ کی پارلیمنٹ کے ممبر اور تحریک منہاج القرآن ساؤتھ افریقہ کے خصوصی کاوش سے وہ مشرف بہ اسلام بھی ہوئے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top