کراچی: تاجدار ختم نبوت میلاد مارچ

تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیراہتمام آقاء دوجہاں تاجدار ختم نبوت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت پر تاجدار ختم نبوت مارچ منعقد ہوا، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار، پاکستان عوامی تحریک کے قائدین راؤ کامران محمود، سید ظفر اقبال، محمود میمن نے خصوصی شرکت کی۔

مارچ کی قیادت امیر تحریک منہاج القرآن نعیم انصاری نے کی۔ میلاد مارچ میں ہزاروں عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ میلاد مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک منہاج القرآن و ناظم تحریک نعیم انصاری اور مرزا جنید علی نے کہا تاجدار کائنات محسن انسانیت اور رحمت اللعالمین ہیں آپکی تشریف آوری سے کائنات کی تکمیل ہو گئی۔ حضرت آدم علیہ سے نبوت کا جو سلسلہ ہدایت شروع ہوا تھا وہ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر مکمل ہو گیا۔

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آخری نبی ماننا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا آج مسلمان مادیت پرستی میں دین اسلام سے دور ہو چکی ہے دین کے ساتھ تعلق رسمی رہ گیا۔ لیکن اطاعت رسول ہی اللہ کی اطاعت ہے جو مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نہیں وہ خدا کا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا حکمران اسلامی تعلیمات سے عاری قوم پر طرح طرح کے مظالم ڈھا رہے ہیں کہیں مہنگائی کہیں قتل عام، کہیں حق مارا جا رہا ہے کہیں عزتیں محفوظ نہیں، کمزور طبقات پس رہے ہیں قوم اگر اپنا مقدر بدلنا چاہتی ہے تو اسے ظلم کے خلاف اٹھنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top