نواب شاہ: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام جانِ رحمت ﷺ کانفرنس
تاجدارِ ختمِ نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جانِ رحمت و سلطانِ کائنات ہیں: علامہ لطیف مدنی
تحریک منہاج القرآن نواب شاہ کے زیراہتمام پاکستان ریسٹورنٹ نواب شاہ میں جانِ رحمت صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مرکزی نائب ناطم دعوت علامہ محمد لطیف مدنی مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضورِاکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات تمام عالم کے لئے باعثِ رحمت و برکت ہے اور ان کی ولادت کی خوشی منانا ہر امتی پر واجب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ہر شان اعلی و ارفع ہے اور محشر میں بھی نجات آقا کریم کی رحمت اور رب کے فضل سے ہوگی اس کے لئے ہر امتی کو چاہیے کہ وہ اپنا تعلق مضبوط کرنے کے لئے درود و سلام کی کثرت کریں اور عقیدۂ ختم نبوت پر ایمان کامل رکھتے ہوئے اس کی خاطر جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہ کریں۔
اس سے قبل نواب شاہ کے معروف نعت خواں حضرات سید نثیر شاہ، علی اکبر چشتی، آفاق و دیگر نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔ پروگرام میں تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر کاشف اکرم القادری، جنرل سیکریٹری کاشف قادری، نائب صدر محمد کلیم ایڈووکیٹ، ویلفیئر انچارج ڈاکٹر محمد اسلم، بلال بٹ، ادریس قریشی سمیت عمائدین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر ضیافت سے شرکاء کی تواضع کی گئی۔
تبصرہ