آغوش کمپلیکس میں ’’مدینہ گیلری‘‘ تصویری نمائش

آغوش کمپلیکس میں سالانہ محفل میلاد 2017ء کے موقع پر 14 دسمبر کو معزز مہمانوں اور وزٹرز کے لیے تصویری نمائش مدینہ گیلری کا اہتمام کیا گیا۔ یہ نمائش ڈائریکٹر آغوش ڈاکٹر نعیم مشتاق نے آغوش کے ایڈمن بلاک میں منعقد کی، جس میں مکہ و مدینہ شریف کے تاریخی اور مقدس مقامات کی نایاب اور نادر تصاویر آویزاں کی گئیں۔ نامور امریکی اسکالر Samuel E Shropshire نے بھی تصویری نمائش کو دیکھا۔ اس موقع پر منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری بھی ساتھ تھے۔

تصویری نمائش میں انیسیویں صدی عیسیویں اور خلافت عثمانی کے دوران لی گئی حرمین شریفین کے مقدس مقامات کی تاریخی و نادر تصاویر شامل تھیں۔ اس تصویری نمائش میں شہرمدینہ کی 1880 کی قدیمی تصویر، آقا علیہ السلام کی جائے ولادت پر خلافت عثمانیہ کے دور میں بنائی گئی مسجد اور ملحقہ شہر مدینہ کی آبادی، حضرت عبدالمطلب، حضرت ابو طالب کے مزارات، ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا اور آقا علیہ السلام کے پدر حضرت قاسم رضی اللہ عنہ کے مزارات کی 1903ء میں عثمانی دور کی نادر تصاویر، جنہیں بعدازاں سعودی دور 1925ء میں شہید کر دیا گیا تھا بھی شامل کی گئیں۔

مدینہ منورہ جنت البقیع میں حضرت عباس، امام جعفر الصادق، امام محمد الباقر اور امام زین العابدین علیھم السلام کے مزارت کی نشاندہی والی تصاویر کو بھی نمائش کا حصہ بنایا گیا ہے۔ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا مزار مبارک، جسے سعودی دور 1925 میں شہید کر دیا گیا تھا بھی تصویری نمائش میں دیکھا جا سکتا ہے۔ غار ثور و غار حرا کے مقامات، مسجد نبوی میں ریاض الجنۃ، مکہ میں جنت المعالی سمیت دیگر نادر تصاویر بھی نمائش میں شامل ہیں۔ تصویری نمائش کے آرگنائزر ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس ڈاکٹر نعیم مشتاق نے معزز مہمان کو تصویری نمائش کے بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر دیگر شرکاء نے بھی تصویری نمائش کو گہری دل چسپی سے دیکھا اور ڈاکٹر نعیم مشتاق کی اس کاوش کو سراہا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top