لاہور: تحریک منہاج القرآن کا ورکرز کنونشن
تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے لاہور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلوموں کو انصاف دلوانا ریاست، اداروں اور سوسائٹی کے ہر فرد پر لازم ہے۔ انصاف سے محروم معاشر ے مرحوم ہوتے ہیں۔ جوبظاہرتو زندہ نظر آتے ہیں مگر حقیقت میں مردہ ہوتے ہیں۔ کسی بھی نظام کا جسم انصاف کی روح سے زندگی پاتا ہے۔ ریاست، نظام اور ملک کمزوروں کو انصاف دلوانے اور ظالموں کی گرفت کے لیے ہوتے ہیں۔ اللہ نے نبی آخرالزمان ﷺ کی جو صفات بیان کی ہیں ان میں سے ایک صفت منصف کی ہے یعنی انصاف اور عدل کرنیوالا، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک پرایک دھبہ ہے جب تک قاتل کیفر کردار تک نہیں پہنچتے یہ دھبہ نظر آتا رہے گا، ڈاکٹر طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن نے اسلام کے امن کے پیغام کو پوری دنیا میں عام کیا، مگر بدبخت شریف برادران نے امن کے ان سفیروں کے ساتھ بدترین دہشتگردی کی اور لاشیں گرائیں اور پھر انصاف کے راستے کا پتھر بھی بن گئے۔
کنونشن سے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، امیر تحریک لاہورحافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، افضل گجر، حاجی فرخ، میاں ثناء اللہ نے بھی خطاب کیا۔
خرم نواز گنڈا پور نے اپنے خطاب میں کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نے شریف برادران اور ان کے حواریوں کو قتل کا ذمہ دار ٹھہرادیا، اب قاتلوں کو سزا ملنے کے منتظر ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کا واحد راستہ نئی بااختیار جے آئی ٹی اور نئی تفتیش ہے، فیئر تفتیش سے ہی فیئر ٹرائل کا دروازہ کھلتا ہے اور فیئر ٹرائل آئین کا بنیادی تقاضا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی آج کے دن تک فیئر تفتیش نہیں ہوئی، قاتل حکومت کی ماتحت ملزم پولیس نے سانحہ کے مضروبین اور چشم دید گواہان کے بیانات قلم بند کئے بغیر یکطرفہ چالان عدالتوں میں پیش کئے جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے بلکہ مدعی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے ساتھ ایک اور ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی تفتیش انصاف کا ناگزیر تقاضا ہے، انہوں نے کہا کہ 14 دسمبر کے وکلاء کنونشن میں منظور کی جانیوالی پانچ نکاتی قرار داد پر عمل درآمد چاہتے ہیں، اگر ہمارے قانونی تحفظات دور نہ ہوئے اور پھر انصاف کے بنیادی حق کے حصول کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے اور انصاف لیے بغیر گھروں کو نہیں لوٹیں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہماری سیاست نہیں ہمارے لیے زندگی موت کی طرح اہم ہے۔
امیر تحریک لاہور حافظ غلام فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اپنے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے حکم کے منتظر ہیں وہ حصول انصاف کے لیے جب کہیں گے اگلے لمحے سٹرکوں پر ہوں گے، پوری دنیا جانتی ہے ڈاکٹر طاہرالقادری کے پر امن کارکن ہمیشہ حق اور سچ کے لیے احتجاج کرتے ہیں۔
تبصرہ