نواز شریف تحریک عدل کی تاریخ دیں اسی دن قصاصِ قتل کی تحریک شروع کرونگا: ڈاکٹر طاہرالقادری

وثوق سے کہہ رہا ہوں اشرافیہ کا خاتمہ یقینی، یہ مارچ میں داخل نہیں ہوں گے، 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن حتمی
جسٹس باقر نجفی کمیشن نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار پنجاب حکومت کو ٹھہرا دیا، استعفیٰ دیں: سردار عتیق
21 دسمبر کو فاروق ستار سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کریں گے، شیخ رشید سے دوبارہ رابطہ

لاہور (20 دسمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد کے ہمراہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اپنی تحریک عدل چلانے کی تاریخ دیں اسی دن ماڈل ٹاؤن کے قتل عام پر ان کے خلاف قصاص قتل کی تحریک شروع کرینگے، وثوق سے کہہ رہا ہوں اشرافیہ کا خاتمہ یقینی ہے، میرا اندازہ ہے کہ یہ مارچ میں داخل ہوتے نظر نہیں آرہے، 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن حتمی ہے، سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت جاری ہے، کل 21 دسمبر فاروق ستار ایک بڑے وفد کے ہمراہ ملاقات کیلئے آرہے ہیں۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ نواز شریف ظلم اور بربریت کا استعارہ ہیں اگر ان کے ٹیلیفون سنے جائیں، مرضی کے فیصلے ملیں تو یہ خوش، ذاتی رعایت کو ہی انصاف سمجھتے ہیں۔ نواز شریف اب صرف میڈیا پر تحریک چلاتے نظر آئیں گے، سڑکوں پر نکلنے کی ان میں ہمت اور جرات نہیں، ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے بعد نواز شریف، شہباز شریف کو عدل و انصاف کا نام لیتے شرم آنی چاہیے۔ سربراہ عوامی تحریک نے سردار عتیق احمد اور ان کے سینئر رہنماؤں کا مرکزی سیکرٹریٹ آنے اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نے پنجاب حکومت کو ذمہ دار ٹھہرا دیا، ہم سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے استعفوں کے مطالبے کو حق بجانب سمجھتے ہوئے حمایت کرتے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے، پاکستان اب مادر پدر آزاد جمہوریت کا متحمل نہیں ہو سکتا، ڈاکٹرطاہرالقادری حصول انصاف کیلئے جو احتجاجی تاریخ دیں گے مسلم کانفرنس آزاد کشمیر سمیت ہر جگہ ساتھ کھڑی ہو گی، انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کو جمہوریت سے تشبیہہ دینا جمہوریت کی نفی ہے۔

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور سردار عتیق احمد کے درمیان ون ٹو ون ملاقات بھی ہوئی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ منہاج القرآن مجاہد اول اور ان کے چشم و چراغ سردار عتیق خان کا اپنا گھر ہے، یہاں ہم مہمان اور یہ میزبان ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے اسمبلی کے فلور پر کہا کہ مصدقہ اطلاعات ہیں منہاج القرآن میں ناجائز اسلحہ کی انبار ہیں اور وہ بتائیں وہ انبار کہاں گئے۔ شہباز شریف کے دست راست نے اسمبلی کے فلور پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قتل غارت گری کا اعتراف کیا، اب انہیں کوئی انجام سے نہیں بچا سکے گا، ان کا تخت ڈول رہا ہے، بہت جلد یہ جیلوں میں ہونگے اور قانون و آئین کے مطابق ان کا مواخذہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی نام نہاد تحریک عدل کی تاریخ متعین کریں ہم بھی اپنے قصاص قتل کی تاریخ وہی رکھ دیں گے۔ وہ سنجیدہ ہیں اور ان میں اگر ہمت ہے تو تحریک چلانے میں دیر نہ کریں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف 26 سال تک اقتدار میں رہے وہ بتائیں انہوں نے کون سا نظام انصاف اور نظام عدل فراہم کیا۔ نواز شریف کو ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کے قتل عام کے سانحہ سے متعلق پارلیمنٹ کے فلور یا کسی اور جگہ پراظہار افسوس کا ایک جملہ ادا کرنے کی بھی توفیق نہیں ہوئی، انہیں عدل کا نام لیتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

سربراہ عوامی تحریک نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سب سے کہہ رہا ہوں کہ گرم کپڑے ساتھ رکھیں، موسم گرما کی تپش سے بچانے کیلئے ٹھنڈے موسم کا انتخاب کیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آرمی چیف نے سینیٹ میں جا کر یہ پیغام دیا ہے کہ فوج کا ادارہ بھی جواب دہ ہے اور اداروں پر مداخلت کی جو تنقید کی جاتی ہے یہ اس کا مثبت جواب ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ عمران خان سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی ہے، آصف علی زرداری سے بھی بات چیت ہوئی ہے، یہ ملاقاتیں، گفتگو اور مشاورت کا سلسلہ سیاست نہیں انسانیت کیلئے ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ایشو پر تمام جماعتیں ساتھ ہیں، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی گزشتہ روز سربراہ عوامی تحریک سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top