معصوم بچی زینب کے قاتلوں کو گرفتار کر کے کڑی سزا دی جائے: عوامی تحریک لاہور
انصاف کیلئے17 جنوری کی احتجاجی تحریک منہاج القرآن کا اہم اجلاس، ٹیمیں تشکیل دیدیں
شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانا زندگی کا اہم ترین فریضہ ہے: رہنما
17 جون کی نسبت سے 17جنوری کی تاریخ منتخب کی گئی، اب انصاف ہوتا نظر بھی آئے گا
اجلاس سے انجینئر رفیق نجم، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، افضل گجر، یونس نوشاہی و دیگر کا خطاب
لاہور (10 جنوری 2018) عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کا اہم اور ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر محمدرفیق نجم نے کہا کہ معصوم زینب کے قاتلوں کو گرفتار کر کے فی الفور قرار واقعی سزا دی جائے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے ساتھ ساتھ معصوم بچی کے قاتلوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچنا ہو گا۔ حکومت نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دے رہی مظلوم اپنی فریاد کس کے پاس لے کر جائیں۔ معصوم زینب اورشہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانا ہماری زندگیوں کا اہم ترین فریضہ ہے، پنجاب کے نام نہاد حکمرانوں کو توفیق نہ ہوئی کہ زینب کے نماز جنازہ میں شرکت کرتے کوئی ن لیگی رہنماء جنازہ میں شریک نہ ہوا جو بے حسی کی انتہا ہے۔ قاتل رانا ثناء اللہ کی ڈیل کی باتیں ان کے ذہن کی گندگی ہے، کیونکہ انکے آقا نواز شریف اور شہباز شریف ضمیروں کے سوداگر ہیں اسی لئے انہیں ہر چیز بکاؤ مال نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے کارکن روئے زمین پر ایسے جری ہیں کہ وہ انمول ہیں کوئی انکی قیمت لگانا دور کی بات ایسی جرات بھی نہیں کر سکتا۔ انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ 17 جنوری کے احتجاج کے آغاز سے ہی قاتلوں کی رخصتی کی تاریخ دن اور وقت مقرر ہو جائے گی۔
امیر لاہور حافظ غلام فرید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچی زینب کے قاتلوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ حکومتی وزراء افسوسناک واقعہ پر شرمندہ ہونے کی بجائے مظاہرین کا مذاق اڑا تے رہے، ظالم حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ایک دریا دل اور مروت والے نرم دل انسان ہیں اسی لئے انہوں نے قاتل اعلیٰ کو مستعفی ہونے کا وقت اور راستہ دیا مگر لگتا ہے قاتل اعلیٰ اور اس کا باڈی گارڈاعلیٰ رانا ثناء عزت سے نہیں جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سے سپریم کورٹ نے گند نکالا پنجاب سے اپوزیشن جماعتیں مل کر گند نکالیں گی۔ پنجاب کو پاک صاف کرنا بطور پاکستانی شہری ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 17 جنوری کو اہلیان لاہور حصول انصاف کیلئے سڑکوں پر ہونگے، اجلاس میں 17 جنوری کی مناسبت سے رابطہ عوام و کارکن مہم چلانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
تبصرہ