سو فیصد انصاف کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: منہاج القرآن لاہور
17 جنوری کو شہدائے ماڈل ٹاؤن اور شہدائے قصور کے لیے انصاف مانگیں گے:حافظ غلام فرید
17 جنوری کے احتجاج میں لاہور کے عوام لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں گے: اشتیاق حنیف مغل
کارکن پر عزم اور حوصلے بلند ہیں:ورکر کنونشن سے خطاب
لاہور (13 جنوری 2018) تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا ہے کہ پنجاب کے حکمران ماڈل ٹاؤن کے 14بے گناہوں کے خون میں ملوث ہیں، ان کا اقتدار میں رہنا جمہوری اقدار اور مہذب معاشرے کے منہ پرطمانچہ ہے، 17جنوری کے احتجاج میں لاہور کے عوام لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں گے، مرد، خواتین، بچے، بوڑے، تاجر، وکلاء، کسان، اساتذہ، مزدور اور مختلف سیاسی جماعتوں کے راہنما وکارکنان احتجاج میں شریک ہو کرشہدائے ماڈل ٹاؤن اور شہدائے قصور کے لیے انصاف مانگیں گے، حکومتی ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کریں گے، ماڈل ٹاؤن اور قصور میں بے گناہوں کا قتل عام کیا گیا، حکمرانوں کے منہ کو خون لگ چکا ہے، اگر ان کے ہاتھ نہ روکے گئے تو یہ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 160، 161 اور 149 میں ورکرکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر منہاج القرآن لاہور کے ناظم اشتیاق حنیف مغل، حاجی فرخ، عمر اعوان، شفاقت مغل، شہباز بھٹی، حاجی ارشد ودیگر بھی موجود تھے۔
حافظ غلام فرید نے کہا کہ جب تک یہ قاتل طبقہ اقتدار میں رہے گا انصاف ملنے کی کوئی امید نہیں، یونین کونسل، پی پی سطح سے لے کر ضلعی سطح تک کارکنان سے مکمل رابطے میں ہیں، کارکن متحرک اور اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے 17 جنوری کو عوامی احتجاج کی ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔
ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ ن لیگی وزاء کو اپنے اقتدار کی شام ہوتی واضح دکھائی دے رہی ہے اسی لیے ہواس باختہ ہو کر بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ دولت مند، کرپٹ اور قاتل حکمران انصاف کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، ان ظالم حکمرانوں نے شہریوں کے بنیادی حقوق سلب کیے ہوئے ہیں، خود سر اور اقتدار کے نشے میں بد مست حکمرانوں نے ماڈل ٹاؤن میں 14 معصوم لوگوں کو قتل کیا، 100 لوگوں کو گولیوں سے چھلنی کیا، کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں، ظالم نظام کے خلاف جدوجہد صبح انقلاب تک جاری رہے ہی، عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے کارکنان صبر واستقامت کا پہاڑ ہیں، کارکنان نے عظیم مقصد کے لیے جانیں دے کر سر فخر سے بلند کر دیا، انہوں نے کہا کہ ظالم حکمرانوں نے ماڈل ٹاؤن میں اپنے شہریوں کا خون بہایا، ریاست کے ظلم کی مثال نہیں ملتی۔ سو فیصد انصاف کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
تبصرہ