کراچی: پاکستان عوامی تحریک کا کراچی پریس کلب کے باہر ’’جسٹس فار زینب‘‘ کے لیے احتجاجی مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک کراچی کی طرف سے کراچی پریس کلب کے باہر ’’جسٹس فار زینب‘‘ کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا معصوم زینب اور ماڈل ٹاؤن میں 14 شہریوں کے قتل کے ذمہ دار حکمران ہیں۔ موجودہ حکمران قوم کے جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت کے بجائے لیٹرے بن چکے ہیں۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست کی ہے، نا اہل حکمران اپنے فرائض کی ادائیگی میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں انکا اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا وقت آگیا ہے قوم ان قاتل حکمرانوں سے جان چھڑانے کیلئے 17 جنوری سے سڑکوں پر نکلے اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دے۔ قاضی زاہد حسین نے سانحہ قصور پر احتجاج کرنے والے نہتے شہریوں پر فائرنگ اور انکی ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا حکومت پولیس کے ذریعے مخالفین اور پر امن احتجاج کرنے والوں کو تحفظ دینے کے بجائے گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ جب تک اس کرپٹ نظام اور حکومت کا خاتمہ نہیں ہو گا ایسے واقعات تسلسل کے ساتھ ہوتے رہیں گے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر پاکستان عوامی تحریک کراچی مشتاق صدیقی نے کہا معصوم زینب کے ساتھ زیادتی اور قتل پر ہر آنکھ اشکبار اور غمزدہ ہے۔ زینب کے قتل کے واقعے سے سر شرم سے جھک گیا، انہوں نے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ٹرائل ہوتا تو آج زینب زندہ ہوتی زینب قوم کی بیٹی ہے قاتلوں کے انجام اور موجودہ نا اہل حکومت کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا۔
پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود نے کہا قوم چوروں، ڈاکووں، قاتلوں اور لیٹروں کے رحم و کرم پر ہے۔ قوم معصوم زینب کے قتل پر اہل کوفہ کا کردار ادا کرنے کے بجائے ظلم و بربریت، نا انصافی اور لوٹ مار کے خلاف حسینی کردار ادا کرے۔ قوم کو اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے عزتوں کے لٹیرے اور قاتل چور حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ کرنا ہو گا اور ان سے ایک ایک ظلم کے حساب کا وقت آگیا ہے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کراچی کے امیر نعیم انصاری نے کہا ن لیگ کی حکومت نے قوم کو عزتوں کے لٹنے، قتل عام، کرپشن لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں دیا۔ موجودہ حکمرانوں کے دور اقتدار میں کسی گھر کی زینب محفوظ نہیں۔ معصوم زینب اور ماڈل ٹاؤن میں چودہ شہیدوں کے قاتلوں کو انجام پر پہنچانا پوری قوم کا فریضہ ہے۔
مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک کے قائدین قیصر اقبال قادری، عبد الواحد قاسمانی، لیاقت حسین کاظمی، سید ظفر اقبال، اطہر جاوید صدیقی، عطاء الرحمان ہاشمی، عدنان رؤف انقلابی، آصف اللہ رکھا، محمود میمن، شفقت شیخ، ثاقب نوشاہی سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔
تبصرہ