منہاج یونیورسٹی لاہور کے سپورٹس فیسٹیول 2018 کی اختتامی تقریب

علم، امن کے فروغ کیلئے تعلیمی ادارے سپورٹس سرگرمیوں کی سرپرستی کریں: ڈاکٹر حسین
48 کھیلوں میں 11 سو طلباء و طالبات کی شرکت، طالبات کی 12 کرکٹ ٹیموں نے حصہ لیا
قومی کرکٹ ہیرو عبدالقادر، عبدالرزاق، ثنا میر نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیے
تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری، کرنل (ر) احمد، کرنل (ر) محمد مبشر، اقبال مرتضیٰ، مس رابعہ و دیگر کی شرکت
میڈیم ثمرین، طاہر شکیل، شہزاد رسول، ڈاکٹر مختار عزمی، ناصر اقبال ایڈووکیٹ کی خصوصی شرکت

منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام منعقدہ سپورٹس فیسٹیول 2018ء کی اختتامی تقریب 31 جنوری کو منعقد ہوئی، جس میں لیجنڈری ٹیسٹ کرکٹر و لیگ اسپنر عبدالقادر، اسٹار آل راونڈر عبدالرزاق اور قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر مہمان خصوصی تھیں۔ منہاج یونیورسٹی کا سپورٹس فیسٹیول 7 دن جاری رہا، فیسٹیول میں 48 کھیلوں کے مقابلوں میں کرکٹ، فٹبال، والی بال، بیڈمنٹن، بیس بال، لان ٹینس، کراٹے، ایتھلیٹکس کے ایونٹ شامل تھے۔ مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں ایک ہزار سے زائد طلباء و طالبات نے حصہ لیا، طالبات کی 12 کرکٹ ٹیمیں مقابلوں میں شریک تھیں۔ اول، دوم، سوم آنے والی ٹیموں کے کپتانوں اور شاندار انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان قومی ہیرو عبدالقادر، عظیم آل راؤنڈر عبدالرزاق اور ویمن قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر نے انعامات تقسیم کیے۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنر کے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور جیتنے والی ٹیموں کو شاندار کھیل کے مظاہرے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کہا کہ علم، امن کے فروغ، نوجوانوں کی کردار سازی اور سوسائٹی میں اعتدال پسند رویے لانے کیلئے اعلیٰ تعلیمی ادارے، سپورٹس اور صحت مند ثقافتی سرگرمیوں کی سرپرستی کریں۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ منہاج یونیورسٹی کی تعلیمی اقدار اور تربیت میں سپورٹس سرگرمیوں کو مرکزیت حاصل ہے۔ طلباء و طالبات کو قومی معیار کے گراؤنڈز اور سپورٹس سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور نوجوانوں کے اندر چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو نمایاں کرنے کیلئے یونیورسٹی بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، تسلی بخش تعلیمی نتائج سپورٹس سرگرمیوں کو نظر انداز کر کے حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

قومی کرکٹ ہیرو عبدالقادر نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن پوری دنیا اور منہاج یونیورسٹی پاکستان کے نوجوانوں کو معیاری عصری تعلیم فراہم کررہی ہے، کھیلوں کے شاندار مقابلے دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوئی کہ یہ ادارہ آئندہ نسلوں کی شاندار تربیت کررہا ہے جس پر یونیورسٹی کے چیئرمین ڈاکٹر طاہرالقادری، ڈاکٹر حسین محی الدین اور جملہ سٹاف خصوصی طور پر مبارکباد کا مستحق ہے۔

قومی کرکٹ ہیرو عبدالرزاق نے کہا کہ مجھے طلباء و طالبات کے کھیلوں میں دلچسپی اور جوش و خروش دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور میں یقین سے کہہ سکتا ہوں ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت اور پرعزم ہیں، پاکستان بہت جلد کھیلوں کے حوالے سے اپنا عالمی مقام حاصل کرے گا، انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے میدان میں پاکستان کے شاندار ماضی کو مستقبل اور حال کا حصہ بنانے کیلئے یونیورسٹیز خصوصی توجہ دیں، یہیں سے ٹیلنٹ باہر آئے گا۔

ثناء میر نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں میں طالبات کی بھرپور شرکت اور بالخصوص طالبات کی 12 کرکٹ ٹیموں نے اس سپورٹس ویک میں حصہ لیا جو حوصلہ افزاء ہے۔ طالبات اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی فعال اور متحرک ہیں اور یہ حوصلہ افزاء بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کو کرکٹ کے حوالے سے جہاں میری مدد کی ضرورت ہو میں بھی حاضر ہوں۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے اول، دوم، سوم آنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری، کرنل (ر) محمد احمد خان، کرنل(ر) مبشر، سپورٹس ڈائریکٹر اقبال مرتضیٰ، ڈاکٹر ممتاز عزمی، مس رابعہ، میڈیم ثمرین، ناصر اقبال ایڈووکیٹ، رانا تنویر، شہزاد رسول، عبدالحفیظ چودھری، ثاقب بھٹی، شکیل طاہراور حسنین جاوید نے خصوصی شرکت کی۔ اول آنے والی ٹیموں نے ڈھول کی تھاپ پر ٹرافیاں وصول کیں۔ وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین نے سپورٹس ویک کے شاندار انعقاد پر سپورٹس ڈائریکٹر اقبال مرتضیٰ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور خصوصی انعامات سے بھی نوازا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top