ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور خرم نواز گنڈاپور تنظیمی دورہ پر کراچی پہنچ گئے

تحریک منہاج القرآن انٹر نیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری، مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ 3 فروری کی شب کراچی ائرپورٹ پہنچنے پر ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا کراچی روشنیوں کا شہر ہے پر امن کراچی پر امن پاکستان کی ضمانت ہے۔ کراچی منی پاکستان ہے مگر یہاں کے باسی بنیادی مسائل کا شکار ہیں۔ کراچی کے مسائل کے حل سے ملکی معاشی ترقی میں اضافہ ہو گا۔ کراچی دنیا کے کئی ممالک سے بڑا ہے مگر افسوس اسکی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ سستی رہی ہے۔

ڈاکٹر حسین نے کہا کراچی میں نقیب اللہ، انتظار حسین اور مقصودکا پولیس کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل سوالیہ نشان ہے۔ نوجوانوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر کئی سوالات کر رہی ہے۔ ملک بھر میں پولیس شہریوں کی حفاظت کے بجائے انھیں نشانہ بنا رہی ہے۔ محکمہ پولیس کو بے لگام چھوڑنے والوں کا بھی محاسبہ ضروری ہے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کا انجام قریب ہے ہماری جدوجہد رکی نہیں جاری ہے۔ کارکنان اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں افواہوں پر کان نہ دھریں۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری 6 فروری کو شاہ لطیف ٹائون میں یتیم بچوں کیلئے تعمیر ہونے والا تحریک منہاج القرآن کے پروجیکٹ آغوش کا افتتاح کریں گے، جبکہ جامعہ غوثیہ شاہ لطیف ٹائون کا بھی افتتاح کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top