کراچی: یتم بچوں کے پروجیکٹ آغوش کی افتتاحی تقریب

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام لاہور کے بعد کراچی شاہ لطیف ٹاؤن میں یتیم اور بے سہارا بچوں کے پروجیکٹ آغوش کی افتتاحی تقریب مورخہ 5 فروری 2018 کو منعقد ہوئی، تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آغوش کمپلیکس (کراچی) کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس (کراچی) مسعود عثمانی، زاہد لطیف و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں  جنید باوانی، آصف پی پی، ملک محمد سلیم، محمود میمن، عامر اشرف خواجہ، نعیم انصاری، مرزا جنید علی، مشتاق احمد صدیقی، راؤ کامران محمود، زاہد راجپوت، سید ظفر اقبال، دھنی بخش سومرو، اطہر جاویدآغوش پروجیکٹ کے پرنسپل طیب مدنی سمیت سیاسی، سماجی انسانی حقوق کی تنظیموں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آغوش پروجیکٹ کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا اللہ تعالی نے انسان کو انسانیت کی خدمت کے لئے پیدا کیا ہے انسانیت کی خدمت ہی عظیم عبادت ہے۔ انہوں نے کہا ریاست اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام ہوچکی ہے انسانیت کا درد رکھنے والے لوگ آگے بڑھیں اور یتیموں کا سہارا بنیں۔ تحریک منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہے اور دیتی رہے گی۔ پاکستان میں سسکتی انسانیت کا سہارا ویلفیئر ادارے بنے ہوئے ہیں، حکومتیں حکمران غفلت کی نیند سورہے ہیں۔ انہوں نے کہا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کراچی کے بعد ابتدائی طور پر پاکستان کے بارہ بڑے شہروں میں آغوش پروجیکٹس کی تعمیر کرے گی مخیر حضرات اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

ڈائریکٹر آغوش مسعود عثمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغوش میں تقریباً پانچ سو غریب، بے سہارا بچوں کے لئے رہائش، تعلیم و تربیت میڈیکل ودیگر سہولیات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یتیم اور بے سہارا بچوں کے لئے آغوش کے دروازے کھلے ہیں، آغوش پروجیکٹ دیگر لوگوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کراچی کے 18ٹاؤنز اور 6 اضلاع میں ایمبولینس سروس کے ساتھ فری میڈیکل سینٹر قائم کرے گی۔

رپورٹ: راؤ اشتیاق احمد

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top