علم، امن اور عشق مصطفی ؐ کا فروغ منہاج القرآن کا اوڑھنا بچھونا ہے: رانا محمد ادریس

نوجوان تمام توانائیاں حصول علم پر صرف کریں، جامع المنہاج میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (16 فروری 2018) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ آج مسلمانوں کی سب سے بڑی کمزوری قرآن سے دوری ہے۔ قرآن نے علم کے حصول اور فروغ پر زور دیا۔ علم جو مسلمانوں کی میراث تھا آج اسلام دشمنوں کا سب سے بڑا ہتھیار بن چکا ہے، کمزوری کے اسباب و عوامل سے آگاہی اور انہیں دور کرنے کا شعور زندہ قوموں کی نشانی ہوتا ہے، ترقی و عروج پانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم خود کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں، علم کے فروغ اور حصول کے قرآنی فلسفہ کی روشنی میں تحریک منہاج القرآن نے تعلیم و تحقیق کو اوڑھنا بچھونا بنایا۔ الحمدللہ آج شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تحریک پوری دنیا میں علم اور امن کے فروغ کا نشان ہے اور نوجوان دین و دنیا کے علوم حاصل کر کے علم، امن، محبت کا پیغام گلی گلی پہنچارہے ہیں۔ بحیثیت مسلمان علم و حکمت ہماری میراث ہے، قرآن حکیم جا بجا علم و حکمت کی فضیلتیں اجاگر کررہا ہے۔ وہ جامع المنہاج میں جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ علم و حکمت کے حصول کیلئے نوجوانوں کو ذات مصطفیﷺ، اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی مقدس زندگیوں کا مطالعہ کرنا ہو گا، حضور اکرم ﷺ کو سب سے پہلے جو خدا کا حکم وحی کی صورت ملتا ہے وہ ’’اقراء‘‘ یعنی ’’پڑھو‘‘ ہے۔ نوجوان تمام تر توانائیاں علم کے حصول پر صرف کریں، یقیناً عظمتیں آپ کی منتظر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کریم نے قرآن حکیم میں حکم دیا ہے کہ ’’تم میں سے جو لوگ ایمان لے آئے اور وہ لوگ جنہیں علم دیا گیا ہے ان کے درجات اللہ بلند فرمائے گا‘‘ انہوں نے کہا کہ جو اللہ اور خانوادہ رسالت ﷺ کی معرفت رکھے گا وہ فساد و خون ریزی نہیں پھیلائے گا بلکہ وہ ’’رد الفساد‘‘ کا علمبردار بن جائیگا۔ جہاں ملک کو بیرونی دشمنوں کے خلاف ناقابل تسخیر بنانا ضروری ہے وہاں اندرونی طاقت و مضبوطی کیلئے شر و فساد پھیلانے والی قوتوں کے خلاف کامیابی کیلئے بھی پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا۔ نوجوانوں کو عہد کرنا ہو گا کہ وہ اپنے آپ کو دینی و دنیاوی علوم سے آراستہ کریں گے جب یہ منزل پا لیں گے تو ملک بھی ناقابل تسخیر ہو جائیگا اور آپ کی آخرت بھی سنور جائیگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top