ڈاکٹر طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ پر دعائیہ تقریب
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ دعائیہ تقریب کی صدارت صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شریک ہوئے۔ پروگرام تلاوت و نعت اور محفل سماع پر مشتمل تھا، محفل سماع میں معروف قوال فیض علی فیضی نے قوالی پیش کی۔
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، جی ایم ملک، سید الطاف شاہ، راجہ زاہد محمود، جواد حامد، قاری نجم مصطفیٰ، قاری نور احمد چشتی اور دیگر معزز مہمانان گرامی نے قائد ڈے کی مرکزی تقریب میں شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکنان اور خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس موقع پر قاری نور احمد چشتی نے قرآن مجید کی تلاوت کی۔ خرم برادران نے نعتیہ و عارفانہ کلام پیش کیے۔ معروف قوال اور استاد نصرت فتح علی خان کے شاگرد فیض علی فیضی و ہمنوا نے محفل سماع میں قوالی پیش کی۔ انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں عارفانہ و نعتیہ اور درباری کلام بھی پڑھے۔ محفل سماع کے دوران منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے سامنے گراونڈ میں فائر ورکس بھی پیش کیا گیا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے محفل میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تمام حاضرین، مہمانوں اور قوال فیض علی فیضی کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ فیض علی فیضی کی فنی مہارت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیض علی فیضی وہمنواوں نے نہایت شاندار انداز میں کلام پڑھے، جن میں استاد نصرت فتح علی خان کی جھلک نظر آتی ہے۔ اس موقع پر آپ نے تمام حاضرین و شرکاء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
محفل سماع میں مرکزی سیکرٹریٹ کے اسٹاف ممبران اور نائب ناظمین و ناظمین کے لیے دو الگ الگ عمرہ کے ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی نکالے گئے۔ عمرہ کی قرعہ اندازی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ اسٹاف ممبران میں ویمن لیگ کے نائب قاصد نجم حامد خان اور ناظمین کیٹیگری میں فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر رانا محمد فاروق کے نام قرعہ نکلا۔
پروگرام کے آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 67 ویں سالگرہ کا مرکزی کیک کاٹا گیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی دعا کرائی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و سلامتی اور منہاج القرآن کی ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام شب 2 بجے ہوا۔
اس سے پہلے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے لیے مرکزی سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کو خوبصورتی برقی قمقموں سے سجایا گیا، پروگرام کے لیے پنڈال اور اسٹیج کو بھی خاص طور پر تیار کیا گیا، جس میں خوبصورت غبارے اور دیگر ارائشی سامان لگایا گیا تھا۔
تبصرہ