آغوش کے زیراہتمام قائد ڈے کی تقریب

آرفن بچوں کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب، ڈائریکٹر آغوش نے بریفنگ دی
ڈاکٹر طاہرالقادری نے بے سہارا بچوں کیلئے ادارہ’’ آغوش‘‘ قائم کیا: خرم نواز گنڈاپور
اللہ کے رسول ﷺ نے یتیم کی کفالت کرنے والا گھر کو بہترین قرار دیا: ڈاکٹر نعیم مشتاق

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ پر مرکزی تقریبات میں آرفن ہوم آغوش کے زیراہتمام قائد ڈے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ تقریب میں عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، عالمی شہرت یافتہ نقیب تسلیم صابری، معروف نعت خوان شہباز قمر فریدی، کرنل (ر) محمد مبشر، جی ایم ملک، سید امجد علی شاہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، فرح ناز، شاہد لطیف، عمران بٹ، محمد عامر، رانا محمد فاروق اور ادارہ آغوش کے اساتذہ اور ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کہا کہ بے سہارا بچوں کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے سوسائٹی میں تشدد اور انتشار بڑھ گیا۔ اللہ کے رسول ﷺ نے بھی یتیم بچے کی کفالت اور تعلیم و تربیت کو بہترین عمل قرار دیا ہے، اللہ کی نعمتوں کے اظہار کا بہترین ذریعہ اور عبادت یتیموں کی دیکھ بھال ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ آغوش لاہور کے بعد کراچی، سیالکوٹ میں بھی بن چکے ہیں اور اسکا دائرہ پاکستان کے تمام بڑے شہروں تک بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نبی ﷺ نے فرمایا ’’جس شخص نے دو بچیوں کی بلوغت تک پرورش کی قیامت کے دن میں اور وہ اس طرح اکٹھے آئیں گے یہ فرماتے ہوئے آپ ﷺ نے اپنی دو انگلیوں کو ملا دیا۔ ایک اور موقع پر آپ ﷺ نے فرمایا ’’مسلمانوں میں بہترین گھر وہ ہے جس میں کوئی یتیم ہو اور اسکے ساتھ نیک سلوک کیا جاتا ہو اور مسلمانوں میں سب سے بد ترین گھر وہ ہے جس میں کوئی یتیم ہو اور اسکے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہو۔ ادارہ آغوش کے بچوں نے اس موقع پر ملی نغمے، نعتیہ کلام اور قوالی پیش کر کے بے پناہ داد وصول کی۔

سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہاکہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بچپن میں ہی اپنے مستقبل کے اہداف اور نصب العین طے کر لیا تھا اور وہ اسی نصب العین کے اوپر زندگی کا ہر دن گزار رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر آغوش ڈاکٹر نعیم مشتاق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام قائم آرفن ہوم ’’آغوش‘‘ میں سینکڑوں بے سہارا بچوں کو اعلیٰ تعلیم یافتہ سٹاف، تعلیمی، تربیتی، رہائشی سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 2005 کے آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات آنے والے زلزلے میں یتیم ہونیوالے بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کیلئے آغوش قائم کیا تھا جس میں آج چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے پسماندہ علاقوں کے غریب اور بے سہارا بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ان یتیم بچوں کو ادارہ ’’آغوش‘‘ گرائمر سکولوں کے معیار کی تعلیم فراہم کر رہا ہے۔

تقریب میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور سوسائٹی کے بے سہارا بچوں کیلئے آغوش جیسے عظیم ادارے قائم کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top