امریکہ: النور اسلامک سنٹر کنیٹیکٹ میں قائد ڈے کی تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل یو ایس اے نےشیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی67 ویں سالگرہ کے موقع پر 19 فروری 2018 کو منہاج القرآن النور اسلامک سینٹر میں قائد ڈے کی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں سینٹر کے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین سمیت مخلتف سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت عدیلہ شریف نے حاصل کی۔ منہاج القرآن النور اسلامک سینٹر کے طلبہ و طالبات نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درود وسلام اور نعت کا نذرانہ پیش کیا۔

منہاج القرآن اسلامک سینٹر کنیٹیکٹ کے ڈائریکٹر اور صدر منہاج القرآن علماء کونسل امریکہ علامہ محمد شریف کمالوی نے تقریب میں خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے محبوب و مقرب بندوں کی ولادت کا ذکر کرنا اور اس پر خوشی منانا اللہ رب العزت کی سنت ہے۔ شیخ الاسلام نے اپنی زندگی اسی عظیم مقصد کیلئے وقف کر رکھی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و فکری، دعوتی و تربیتی، روحانی و اخلاقی اور معاشرتی و سیاسی سطح پر بےمثال خدمات ہیں۔ انہوں نے امت کا توحیدِ خدا اور بارگاہِ مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹا ہوا تعلق بحال کیا، مردہ دلوں کو ایمان سے جلا بخشی، تاریکیوں میں بھٹکتے نوجوانوں کو نورِمعرفت عطا کیا اور امت کو درپیش ہر معاملے میں راہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا۔

انتہا پسندی، تنگ نظری اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آپ کا مبسوط تاریخی فتویٰ اور ’اسلامی نصاب برائے فروغ امن و انسداد دہشت گردی‘ امتِ مسلمہ پر عظیم احسان ہے۔ عالمگیر امن کانفرنسز اور فروغِ امن کیمپس کی صورت میں آپ اسلام کا امن و رحمت، محبت و اخوت، روادری و برداشت کا چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ تقریب کے آخر پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top