سپین میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی سالگرہ پر تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 67 ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں قائد ڈے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ قائد ڈے تقریب میں یورپ سے محمد نعیم چوہدری، علامہ حسین میر قادری بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ سپین سے منہاج القرآن کے عہدیداروں، کارکنان سمیت دیگر مکاتب فکر کے لوگوں اور خواتین نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ غلام مرشد ڈائریکٹر منہاج القرآن اوسپیتالیت سنٹر نے حاصل کی، اس کے بعد ہدیہ نعت کا اور منقبت کا نذرانہ قدیر احمد خان نے پیش کیا۔ مقررین میں محمد اسد، حسنات ہاشمی، حافظ محمد عمران، محمد اقبال چوہدری، خواتین سے صغریٰ باجی، صفا اور عندلیب نے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا اور انکی شخصیت کو خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی شخصیت عالم اسلام کا سرمایہ ہے، شیخ الاسلام نے دنیا بھر میں منہاج القرآن کے ادارے قائم کرکے اسلام کا صحیح تشخص قائم کیا۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن لاکھوں کارکنوں کیلئے تجدید وفا کا دن ہے۔ وہ اس عظیم قیادت کی رہنمائی میں مصطفوی انقلاب کی منزل کو ضرور حاصل کریں گے۔ ملت اسلامیہ کے کروڑوں مسلمان شیخ الاسلام کی علمی، روحانی، تعلیمی، سیاسی اور سماجی خدمات سے استفادہ کررہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کا عالم گیر پھیلاو اور اس کی موثریت اس بات کی گواہ ہے کہ قلیل عرصہ میں تحریک منہاج القرآن دنیائے اسلام کی سب سے بڑی تحریک کا روپ دھار چکی ہے اوریہ سب شیخ الاسلام کے ویژن کی بدولت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے لاکھوں کارکن عہد کرتے ہیں کہ ہم اس عظیم قائد کی عظیم فکر کے امین بن کر ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 19 فروری کا دن جہاں ہمارے لئے خوشیوں کی بہار لایا ہے وہاں ہم سے کچھ تقاضے بھی کرتا ہے اور وہ تقاضا یہ ہے کہ جس قائد سے ہم محبت کرتے ہیں ان کی منزل اور ان کا مقصد بھی ہمارا مقصد بن جائے اور قائد کے عظیم خواب ’’مصطفوی انقلاب‘‘ کی تعبیر کے لئے اپنے قائد کے ہمراہ تن من دھن کی بازی لگادیں‘‘۔ انقلاب اجتماعی کوشش کا نام ہے۔ سرزمین پاکستان پر صبح انقلاب کے طلوع کے لئے ہر ایک شخص کو اپنا فریضہ ادا کرنا ہے۔

تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اورحاضرین محفل کی تواضع پر تکلف کھانے سے کی گئی۔

رپورٹ نوید سحر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top