پاک ایران تعلقات اسلامی اخوت کے عظیم رشتے میں بندھے ہیں: ڈائریکٹر خانہ فرہنگ

مورخہ: 19 مارچ 2018ء

آقائی علی اکبر رضائی کا منہاج القرآن کالج آف شریعہ کے بین الکلیاتی مقابلوں کی تقریب سے خطاب
چار روزہ مقابلوں میں درجنوں کالجز، یونیورسٹیزکے سینکڑوں طلباء و طالبات حصہ لے رہے ہیں

لاہور (19 مارچ 2018) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (منہاج یونیورسٹی لاہور) کے زیراہتمام چار روزہ بین الکلیاتی مقابلوں کے پہلے روز مقابلہ حسن قرآت کی تقریب سے مہمان خصوصی خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر آقائی علی اکبر رضائی فرد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن حکیم انسان کی انفرادی زندگی سے لے کر اجتماعی زندگی تک رہنمائی عطا کرتا ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جاندار مؤقف اور امت مسلمہ کے اتحاد کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی کاشوں کو سراہا۔ پاک ایران تعلقات اسلامی اخوت کے عظیم رشتے میں بندھے ہیں۔ علاقائی اور عالمی امن کیلئے دونوں برادر اسلامی ممالک کا اہم کردار ہے۔ کوئی منفی طاقت دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمی پیدا نہیں کر سکتی، یہ تعلقات برادرانہ اسلامی اخوت، سیاسی، سماجی، معاشی، تہذیبی، تاریخی، عوامی ہر سطح پر استوار ہیں۔ انہوں نے مقابلہ حسن قرآت کے حوالے سے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی فکری، اخلاقی، روحانی و سماجی تربیت کیلئے یہ مقابلے انتہائی مفید ہیں۔ ادارہ منہاج القرآن آ کر خوشی محسوس کرتا ہوں۔

شریعہ کالج اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے تعاون سے انعقاد پذیر چار روزہ کل پاکستان بین الکلیاتی مقابلہ جات 19 مارچ تا 22 مارچ جاری رہینگے۔ ان مقابلوں میں پاکستان بھر کی جامعات اور کالجز کے طلباء و طالبات شرکت کررہے ہیں۔ یہ مقابلے بانی و سر پرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقد کئے جا رہے ہیں۔ مقابلہ حسن قرآت ا ور عربی تقریری مقابلہ کی تقریب میں علامہ مفتی بدر الزمان قادری، الحاج پیر اختر رسول قادری، احمدسلطان خان مہمانان خصوصی تھے۔ صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری محمد فاروق، قاری اللہ بخش جاوید اور قاری غلام حسن نے ججز کے فرائض انجام دئیے۔ مقابلہ عربی تقریر میں پروفیسر محمد افضل کانجو، عین الحق بغدادی، ڈاکٹر نبیلہ اسحاق اراکین جیوری میں شامل تھے۔ طلباء و طالبات نے قرآن حکیم کی تلاوت اور عربی تقاریر سے سماں باندھ دیا۔ ہال میں موجودہ شرکاء سبحان اللہ اور ماشاء اللہ کہہ کر طلباء و طالبات کو داد دیتے رہے۔

مقابلہ حسن قرآت میں جامعہ فضیلۃ الحیات کے حافظ محمد ذیشان نے اول، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے قاری محمد عبد الصمد نے دوسری اور جامعہ اعجاز القرآن کے حافظ مبشر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ عربی تقریر میں گرلز کالج منہاج القرآن کی حدیقہ بتول نے اول، جامعہ المنہاج القرآن کے ابرار احمد نے دوسری اور کالج آف شریعہ کے علی سعد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ حسن قرآت میں لاہور یونیورسٹی، منہاج یونیورسٹی، جامعہ غوثیہ، جامعہ فاروقیہ، جامعہ رضویہ، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن سمیت مختلف یونیورسٹیز، کالجز اور مدارس کے 40 سے زائد طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ مقابلہ حسن قرآت میں بھی 30 سے زائد یونیورسٹیز، کالجز اور جامعات کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ کالج آف شریعہ کی طرف سے مہمان خصوصی خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹرآغائی علی اکبر رضائی فرد نے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ ممبران جیوری اور دیگر مہمانوں کو تحائف اور اعزازی اسناد دی گئیں۔

تقریب سے ممتاز الحسن باروی، مفتی عبد القیوم ہزاروی، محمد نواز ظفر، فضل مہدی، شبیر احمد جامی، ممتاز احمد السدیدی، شفاقت علی بغدادی، شہزاد رسول، سہیل احمد رضا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top