23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کا انعقاد
قیادت اہل ہو تو ملک ٹریک پر رہتے ہیں: چودھری سرور/ لیاقت بلوچ
آزاد خارجہ پالیسی اپنانا ہو گی، منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب
تقریب سے بریگیڈیئر اقبال احمد، اسد کھرل، ڈاکٹر ممتاز الحسن، مفتی عبدالقیوم و دیگر کا خطاب
لاہور (22 مارچ 2018) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام 23 مارچ کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان خصوصی سینیٹر چودھری محمد سرور، جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، معروف صحافی اسد کھرل، سہیل رضا، حافظ غلام فرید نے کہا کہ سیاسی قیادت اہل ہو تو ملک ٹریک پر رہتے ہیں، پاکستان کی عالمی ساکھ میں بہتری کیلئے آزاد خارجہ پالیسی اختیار کرنا ہو گی، جمہوریت کی خواہشمند سیاسی جماعتیں اپنے اندر بھی جمہوریت لائیں، سینیٹ میں خرید و فروخت سے ملک کی بدنامی ہوئی، موجودہ سیاسی نظام میں کونسلر بننے کیلئے بھی پجارو کا مالک ہونا ضروری ہے، نظام بدلنے کی جدوجہد میں پوری قوم کو ہم آواز اور ہمقدم ہونا ہو گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ریاست کے ذمے ایک قرض ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے انتہائی محنت سے دنیا میں ثابت کیا اسلام ایک امن پسند دین اور ضابطہ حیات ہے۔
23 مارچ کے حوالے سے مہمانان گرامی اور مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات نے ایک ساتھ ملی ترانہ گنگنایا کہ اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں، شرکاء نے قومی ترانہ بھی احتراماً کھڑے ہو کر سنا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، اس موقع پر تقریری اور مضمون نویسی کا مقابلہ بھی ہوا۔ مقابلہ جات میں حصہ لینے والے اور اول، دوم، سوم آنے والے طلباء و طالبات محمد شاہد، احسن اعجاز، بتول مشتاق، رابعہ، محمد عاطف فضل، محمد قاسم علی طاہر، محمد طاہر نے معزز مہمانوں سے انعامات وصول کیے۔
چودھری سرور نے کہا کہ سینیٹ میں پاکستان کے عوام کی آواز بنوں گا، ظلم ختم ہو گا تو پاکستان بحرانوں سے باہر نکلے گا، ہر سطح پر ناانصافی ہے، جن سیاسی قوتوں نے انصاف کے اداروں کو مضبوط بنانا تھا انہوں نے ساری توانائیاں انہیں کمزور کرنے پر خرچ کیں، انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے سانحہ میں شریک دہشتگردوں میں سے کوئی ایک بھی پٹھان یا پاکستانی نہیں تھا لیکن سارا ملبہ اس خطے پر ڈالا گیا، اسی لیے کہتے ہیں اس وقت آزاد خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے۔
لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت اہل ہو تو ملک ٹریک پر رہتے ہیں، سینیٹ الیکشن میں ہونے والی خرید و فروخت سے ملک کی بدنامی ہوئی، موسمی پرندوں کا ایک پارٹی سے نکل کر دوسری پارٹی میں آنا جانا لگا ہوا ہے، موجودہ قیادت ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتی۔
اسد کھرل نے کہا کہ کرپشن فری پاکستان کیلئے اوپر سے لے کر نیچے تک احتساب کرنا ہو گا، ملک کی نظریاتی اساس سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی جارہی ہے۔
منہاج القرآن کے نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد نے جملہ مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نئی نسل زیادہ محب وطن اور زیادہ محنتی ہے۔ پاکستان کا مستقبل محفوظ اور تابناک ہے۔
23 مارچ کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں مفتی عبدالقیوم ہزاروی، نواز ظفر قریشی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، صابر نقشبندی، عبدالحفیظ چودھری خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض فاران ناصر، عمر فاروق، محمد معظم، محمد حسن نے انجام دئیے۔
تبصرہ