کالج آف شریعہ میں ہفتہ تقریبات 2018ء کا اختتام

مورخہ: 22 مارچ 2018ء

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام سالانہ ہفتہ تقریبات اختتام پزیر ہو گیا۔ چار روزہ تقریبات میں آخری روز اردو مباحثہ اور یوم پاکستان 23 مارچ کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا۔ سینیٹر چودھری محمد سرور، جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور معروف صحافی اسد کھرل مہمانان خصوصی تھے۔ بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، سہیل رضا، حافظ غلام فرید بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

اردو مباحثہ اور مضمون نویسی کے مقابلہ جات میں حصہ لینے والے اور اول، دوم، سوم آنے والے طلباء و طالبات محمد شاہد، احسن اعجاز، بتول مشتاق، رابعہ، محمد عاطف فضل، محمد قاسم علی طاہر، محمد طاہر نے معزز مہمانوں سے انعامات وصول کیے۔

23 مارچ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں معزز مہمانان گرامی اور مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات نے ایک ساتھ ملی ترانہ گنگنایا کہ اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں، اس موقع پر تمام شرکاء نے قومی ترانہ بھی احتراماً کھڑے ہو کر سنا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

چودھری سرور نے کہا کہ سینیٹ میں پاکستان کے عوام کی آواز بنوں گا، ظلم ختم ہو گا تو پاکستان بحرانوں سے باہر نکلے گا، ہر سطح پر ناانصافی ہے، جن سیاسی قوتوں نے انصاف کے اداروں کو مضبوط بنانا تھا انہوں نے ساری توانائیاں انہیں کمزور کرنے پر خرچ کیں، انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے سانحہ میں شریک دہشتگردوں میں سے کوئی ایک بھی پٹھان یا پاکستانی نہیں تھا لیکن سارا ملبہ اس خطے پر ڈالا گیا، اسی لیے کہتے ہیں اس وقت آزاد خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے۔

لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت اہل ہو تو ملک ٹریک پر رہتے ہیں، سینیٹ الیکشن میں ہونے والی خرید و فروخت سے ملک کی بدنامی ہوئی، موسمی پرندوں کا ایک پارٹی سے نکل کر دوسری پارٹی میں آنا جانا لگا ہوا ہے، موجودہ قیادت ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتی۔

اسد کھرل نے کہا کہ کرپشن فری پاکستان کیلئے اوپر سے لے کر نیچے تک احتساب کرنا ہو گا، ملک کی نظریاتی اساس سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی جارہی ہے۔

منہاج القرآن کے نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد نے جملہ مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نئی نسل زیادہ محب وطن اور زیادہ محنتی ہے۔ پاکستان کا مستقبل محفوظ اور تابناک ہے۔

23 مارچ کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں مفتی عبدالقیوم ہزاروی، نواز ظفر قریشی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، صابر نقشبندی، عبدالحفیظ چودھری خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض فاران ناصر، عمر فاروق، محمد معظم، محمد حسن نے انجام دئیے۔

دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت اہل ہو تو ملک ٹریک پر رہتے ہیں، پاکستان کی عالمی ساکھ میں بہتری کیلئے آزاد خارجہ پالیسی اختیار کرنا ہو گی، جمہوریت کی خواہشمند سیاسی جماعتیں اپنے اندر بھی جمہوریت لائیں، سینیٹ میں خرید و فروخت سے ملک کی بدنامی ہوئی، موجودہ سیاسی نظام میں کونسلر بننے کیلئے بھی پجارو کا مالک ہونا ضروری ہے، نظام بدلنے کی جدوجہد میں پوری قوم کو ہم آواز اور ہمقدم ہونا ہو گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ریاست کے ذمے ایک قرض ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے انتہائی محنت سے دنیا میں ثابت کیا اسلام ایک امن پسند دین اور ضابطہ حیات ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top