منہاج ویلفیئر کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب
انسانیت کی بھلائی اور فلاح و بہبود اسلام کی مرکزی تعلیمات ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
23 جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے، ہر دلہن کو پونے دو لاکھ روپے کا گھریلو سامان دیا گیا
باراتوں کا روایتی بینڈ باجے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا گیا، 15 سو مہمانوں نے کھانا کھایا
تقریب سے شیخ رشید، ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈاپور، عبداللہ حمید گل، جمشید چیمہ، بیلم حسنین و دیگر کا خطاب
لاہور (25 مارچ 2018) تحریک منہاج القرآن کے فلاحی ادارے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب سے آڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ انسانیت کی بھلائی اور فلاح و بہبود دین اسلام کی مرکزی تعلیمات ہیں، کسی اسلامی ریاست کا پہلا فریضہ انسانی فلاح وبہبود ہے، اللہ نے تحریک منہاج القرآن کو دین کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت کی بھی توفیق بخشی، sانہوں نے اجتماعی شادیوں میں شریک 23 جوڑوں کو مبارکباد دی۔
تقریب سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن نے اسلام اور انسانی خدمت کا حق ادا کر دیا، کسی مستحق اور ضرورت مند کی خلوص کے ساتھ اللہ کی رضا کیلئے مدد کرنا اس دور کا سب سے بڑا کار خیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کارخیر پر صدق دل سے ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے جملہ قائدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آج زندگی کے سفر کا آغاز کرنے والے ان جوڑوں کیلئے میری ڈھیروں دعائیں ہیں۔
تقریب سے صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین، بریگیڈیئر(ر) محمد اقبال خرم نواز گنڈاپور، عبداللہ حمید گل، جمشید چیمہ، زاہد فخری، سینئر صحافی میاں حبیب اللہ، غلام محی الدین دیوان، بیلم حسنین، آمنہ الفت، کلثوم ناز، مسرت چیمہ، ڈاکٹر عابد عزیز، شفیق رضا قادری نے بھی خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے انجام دیئے اور دولہوں اور دولہنوں کے عزیز و اقارب کو خوش آمدید کہا۔
ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ جو ضرورت سے زائد ہے اسے مستحقین میں بانٹ دو، ایک موقع پر نبی اکرم ﷺ نے فرمایا زائد چیز لوٹا دو یعنی ضرورت سے جوبھی زائد ہے اس کے حق دار مستحقین ہیں، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن دکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہے، انہوں نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے جوڑوں کو مبارکباد پیش کی۔
معروف شاعر ودانشور زاہد فخری نے اپنا مشہور کلام ’’کدی تے پیکے جا نی بیگم‘‘ سنا کر شرکائے تقریب کو محظوظ کیا۔
عبداللہ حمید گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دین اسلام کا پرامن اور انسانی خدمت والا پہلو انتہائی موثر اندازسے دنیا کے سامنے پیش کیا۔
جمشید چیمہ نے کہا کہ اللہ نے تحریک انصاف کو حکومت دی تو مستحقین اور ضرورت مندوں کو باعزت روزگار دے کر انہیں مدد دینے کے قابل بنائیں گے، جمشید چیمہ کی بیوی مسرت چیمہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور انسانیت خدمت کا فریضہ انجام دینے پر ڈاکٹر طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کو مبارکباد دی۔
23 بچیوں کو پونے دو لاکھ روپے مالیت کا ضروریات زندگی کا سامان دیا گیا اور 15 سو سے زائد بارتیوں کو کھانا کھلایا گیا، باراتوں کی آمد کا سلسلہ صبح 9 بجے شروع ہو گیا جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہا، ہر بارات اور دولہے کا بینڈ باجے کے ساتھ استقبال کیا گیا، تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے مرکزی قائدین پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے دولہوں کا استقبال کرتے رہے جبکہ دلہنوں کو منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین رہنماؤں نے خوش آمدید کہا، دولہوں اور دلہنوں کو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے خصوصی تحائف بھی پیش کیے گئے، مسیحی جوڑوں کا نکاح ان کی مذہبی رسومات کے مطابق انجام پایا، عیسائی مذہب کے نمائندگان نے اس کلمے پر نکاح کی رسم کا افتتاح کیا کہ ’’جنہیں خداوند نے جوڑا ہے انہیں کوئی انسان جدا نہ کرے‘‘ مسیحی دلہنیں خصوصی طور پر تیار کیے گئے سفید لباس میں ملبوس تھیں۔
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور نائب صدر بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر جی ایم ملک، جواد حامد، علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی، افنان بابر، زینب ارشد، ثمرین، سہیل رضا، شہزاد رسول، جواد حامد، راجہ زاہد، ساجد محمود بھٹی، حافظ غلام فرید، اورنگزیب رضا، ڈاکٹر شاہد شیخ، طاہر بھٹی و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔
تبصرہ