آزاد کشمیر: میرپور میں ’’رحمۃ للعالمین کانفرنس‘‘، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا خطاب
تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے میرپور میں ’’رحمۃ للعالمین کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہا پسندی اسلام اور عالم اسلام کی سب سے بڑی دشمن ہے، انتہا پسندی کے زہر سے نوجوان نسل کو تباہ کیا جارہا ہے، انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے قوم کے بچے بچے کو متحد اور یکسو ہونا ہو گا، انتہا پسندی سے فرقہ واریت اور دہشتگردی جنم لیتی ہے اور دہشتگردی انسانیت کی بقاء کیلئے آج بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے، اسلام ایک آفاقی اور سلامتی والا دین ہے، اس کی تعلیمات کا مرکز و محور امن، محبت، رحمت اور انسان دوستی ہے، تحریک منہاج القرآن پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی انسانیت سے محبت والے پیغام کو دنیا کے کونے کونے میں عام کررہی ہے۔ اس موقع پر علامہ رانا محمد ادریس، چودھری فیاض احمد وڑائچ، سید ابرار سرور شاہ، ظفر اقبال طاہر، علامہ جمیل احمد زاہد موجود تھے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا یہ پیغام اور حکم ہے کہ تفرقہ بازی سے بچو، تفرقہ فساد ہے اور ہر فسادی پر جنت حرام کر دی گئی، انہوں نے کہا کہ اسلام دین امن ہے، اسلام میں بے گناہ کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا میری امت میں اگر پھوٹ، اختلاف اور تفرقہ پیدا ہورہا ہو یا ہو چکا ہو تو جو شخص اختلاف و تفرقہ ختم کرنے اور امت کو محبت اور امن و آشتی کے ساتھ وحدت کی طرف بلائے، اصلاح کرنے، صلح کرانے اور امن کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرے گا وہ اللہ سے نفلی عبادات، صدقات، خیرات اور صیام سے بھی زیادہ اجر پائے گا کیونکہ امت کے درمیان فساد ڈالنا اور تفرقہ پیدا کرنا دین کی جڑوں کو کاٹنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی بے شمار، لامحدود اور ادراک سے ماورا صفات ہیں مگر اللہ نے قرآن مجید میں اپنے اوصاف میں سے رحمت کے وصف کو ربوبیت کے تعارف کیلئے خصوصی طور پر منتخب کیا، اسلام دیگر مذاہب کی طرح محض اپنے پیروکاروں سے خطاب اور ان کی فلاح و بہبود کی بات نہیں کرتا بلکہ اس کا موضوع انسانیت کی فلاح و بہبود ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ذات اقدس اور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے فرامین میں بھی رحمت اور محبت غالب و برتر نظر آتی ہے۔ دین اسلام کی تعلیمات میں رحمت، محبت، شفقت، نرمی اور عفوو درگزر کو اساسی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ خطہ کشمیر کے عوام امن اور محبت کے داعی ہیں، یہ واحد خطہ ہے جہاں انسانیت سے پیار کیا جاتا ہے کسی کی حق تلفی نہیں کی جاتی، یہی وجہ ہے کہ یہ خطہ پوری دنیا کی نگاہوں کا مرکز ہے۔ یہی اسلام ہے اور یہی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے احکامات ہیں کہ امن کا پرچار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر 70سال سے طاقت کے زور پر غلام بنائے گئے ان پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا مگر پھر بھی دونوں طرف کے کشمیر ی عوام پرامن طریقے سے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں۔ ان کے حق آزادی کو اقوام متحدہ نے منظور کیا ہے اور کشمیری عوام آزادی کے حوالے سے عالمی برادری کے کیے گئے وعدوں کو پورا کیے جانے کے منتظر ہیں۔ ہماری دعا ہے اللہ اہل کشمیر کو آزادی کی نعمت سے ہمکنار کرے اور اس خطے کو حقیقی معنوں میں امن، محبت، سلامتی اور خوشیوں کا گہوارہ بنائے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے غزہ کے فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی فوجوں کی وحشت ناک بمباری اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کے حق آزادی کی تحریک کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے، انہیں آزادی کا حق نہ دینے والے غاصب ہیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک ظلم کے خلاف سینہ سپر ہے، جہاں ظلم ہو گا وہاں قائدانقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے کارکن صدائے حق بلند کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرنے پر سانحہ ماڈل ٹاؤن ہوا، چار سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف نہیں ملا لیکن ہم مایوس نہیں ہیں ان شاء اللہ انصاف ہو گا اور قاتل اپنے انجام سے دو چار ہونگے۔
میر پور پہنچنے پر تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے کارکنان اور عہدیداروں نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا پرجوش استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں قافلے کی صورت میں جلسہ گاہ لے جایا گیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے جرآت و بہادری طاہرالقادری اور مجدد رواں صدی طاہرالقادری کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ کارکنوں نے خون رنگ لائے گا انقلاب آئے گا کے پرجوش نعرے بھی لگائے۔ چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن تین یوم وادی کشمیر کے مختلف شہروں میں خطاب کرینگے۔ عہدیداروں، کارکنان اور مقامی تنظیموں سے ملاقاتیں کرینگے۔ چیئرمین سپریم کونسل وفد کے ہمراہ ڈھانگری شریف چکسواری میں وانی صاحبزادہ پیر عتیق الرحمن سے ملاقات کرینگے۔ صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین کوٹلی دربار عالیہ پنگ پیراں میں بھی رحمۃللعالمین کانفرنس سے خطاب کرینگے، مظفر آباد میں بھی کانفرنس سے خطاب کرینگے۔
چکسواری میں پیر محمد حبیب الرحمان محبوبی سے ملاقات
میر پور آزاد کشمیر کے علاقہ چکسواری میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے پیر محمد حبیب الرحمان محبوبی (سجادہ نشین آستانہ عالیہ فیض پور شریف چسکسواری آزاد کشمیر) سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد آپ نے پیر محمد عتیق الرحمان فیض پوری کے مزار پر فاتحہ خوانی بھی کی۔
میرپور: سائیں رکن الدین کے مزار پر فاتحہ خوانی
میر پور میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سائیں رکن الدین کے مزار پر فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں آپ نے ان کے صاحبزادے سے ملاقات کی۔
تبصرہ